کراچی:
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج بھی زبردست تیزی کا رجحان دیکھا جا رہا ہے، جس کے نتیجے میں انڈیکس کا نیا ریکارڈ قائم ہوگیا۔
کاروباری ہفتے کے پہلے دن کا آغاز بازارِ حصص میں شان دار تیزی کے ساتھ ہوا اور 100 انڈیکس نے نئی تاریخی بلند ترین سطح کو چھو لیا۔ مارکیٹ میں کاروبار شروع ہوتے ہی سرمایہ کاروں کے مثبت رجحان کے باعث 100 انڈیکس میں غیر معمولی اضافہ دیکھا گیا اور صرف چند منٹ کے اندر انڈیکس 1139 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ ایک لاکھ 42 ہزار 174 پوائنٹس کی ریکارڈ سطح پر ٹریڈ کرتا رہا۔
واضح رہے کہ پی ایس ایکس میں تیزی کی یہ پیش رفت گزشتہ ہفتے کے اختتام پر ہونے والی مثبت کاروباری فضا کا تسلسل ہے، جب انڈیکس ایک لاکھ 41 ہزار 034 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔ اسٹاک ایکسچینج کے ماہرین کے مطابق سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہونا، اقتصادی اشاریوں میں بہتری، اور پالیسی سطح پر مثبت اشارے بازارِ حصص کی اس بلند پروازی کے اہم عوامل ہیں۔
پی ایس ایکس میں جاری حالیہ نئی تیزی نے نہ صرف سرمایہ کاروں کو مثبت راہ دکھائی ہے، وہیں معیشت کے استحکام کی امیدیں بھی مزید بڑھا دی ہیں۔ ماہرین توقع کر رہے ہیں کہ اگر یہی رجحان برقرار رہا تو مارکیٹ مزید بلندیوں کو چھو سکتی ہے۔