خواتین کے ساتھ مارپیٹ اورسماج دشمن عناصر کے جمع ہونے کی شکایت پر کارروائی
چھترپور، مدھیہ پردیش۔4؍اگست ( ایجنسیز) مدھیہ پردیش کے چھتر پور ضلع میں واقع باگیشور دھام پر ہفتہ کو پولیس نے دھاوا کیا اور دھام کی تلاشی لی۔ دھام میں پولیس کی بھاری نفری کو دیکھ کر قریبی ہوٹل، ڈھابہ اور ہوم اسٹے چلانے والوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ پولیس کو شکایات موصول ہو رہی تھیں کہ سماج دشمن عناصر باگیشور دھام میں جمع ہو رہے ہیں۔ ان شکایات کی بنیاد پر پولیس نے یہ کارروائی کی۔ بتایا گیا ہے کہ کچھ خواتین اپنے مسائل لے کر باگیشور دھام پہنچی تھیں اور کسیچمتکار یعنی کرشمہ کی امید کر رہی تھیں لیکن انہیں مارا پیٹا گیا اور ایمبولینس میں ٹھونس دیا گیا۔ خواتین نے سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔ باگیشور دھام میں خواتین کی پٹائی سے کہرام مچ گیا۔ پولیس نے خواتین کو روکا تو وہ رو پڑیں اور سنگین الزامات لگائے۔کچھ دن پہلے باگیشور دھام کمیٹی، گرام سرپنچ اور گرام رکھشا سمیتی کے اراکین نے چھتر پور کے ایس پی سے دھام میں ہونے والی غیر اخلاقی سرگرمیوں کی شکایت کی تھی۔ ہفتہ کو پولیس کی ٹیم باگیشور دھام پہنچی اور تلاش شروع کی۔ مکینوں نے دھام میں ہوٹلوں، ہوم اسٹے، ڈھابوں کی چیکنگ اور دھام پر طویل عرصے سے مقیم مشکوک افراد کی چیکنگ کیلئے درخواست دی تھی۔باگیشور دھام علاقے میں چلنے والے ہوٹلوں، ہوم اسٹے اور گیسٹ ہاؤس میں مسافروں کے رجسٹر، ضروری دستاویزات اور سی سی ٹی وی کیمروں کی جانچ کی گئی۔ پولیس نے تمام ہوٹل اور ہوم اسٹے آپریٹرز کو متنبہ کیا کہ وہ وہاں مقیم مسافروں کے دستاویزات کی تصدیق کریں اور ہوٹلوں اور ہوم اسٹے کو چلانے کی اجازت کو یقینی بنائیں اور تمام آپریٹرز کو 2 دن کے اندر دستاویزات تیار کرنے کی ہدایت دی گئی۔باگیشور دھام علاقے میں کام کرنے والے ای رکشہ اور ٹیکسی ڈرائیوروں کو بھی ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنے ای رکشا اور ٹیکسیوں میں مسافروں کی تعداد کو محدود کریں۔ پولیس نے کہا کہ باگیشور دھام کے قریب ہوٹلوں، ڈھابہ، ہوم اسٹے اور دیگر مقامات کی جانچ کی گئی۔ بہت سی خامیاں پائی گئیں۔ یہاں رہنے والے لوگوں کے آدھار کارڈ اور موبائل نمبر رجسٹر میں اپ ڈیٹ نہیں کیے گئے ۔