
(24 نیوز )بھارت میں گیس بحران سے پریشان برزگ اس وقت چل بسے جب وہ سلنڈر بھروانے کے لیے قطار میں کھڑے تھے۔
انڈین میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعہ ریاست اترپردیش کے ضلع فرخ آباد میں پیش آیا جہاں جمعہ کی صبح ایک شہری اچانک گرِ گیا اور اس کی موت واقع ہو گئی۔
متوفی کی شناخت 75 سالہ مختار انصاری کے نام سے ہوئی ہے جو منی ہارے علاقے کا رہائشی تھا اور شہر میں لال سرائے علاقے میں گیس سلنڈر بھروانے گیا تھا۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ برزگ شہری قطار میں کھڑا تھا کہ اس کی حالت خراب ہو گئی اور چکر آنے سے زمین پر گرِ گیا، وہاں موجود لوگوں نے سی پی آر دینے کی کوشش کی تاہم سینہ دبانے کی مشق بھی کام نہ آئی تو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا، اطلاع ملنے پر اہل خانہ ہسپتال پہنچے تو ڈاکٹرز نے مختار انصاری کی موت کی تصدیق کر دی۔
بھارت میں ایل پی جی گیس کی کمی نے شہریوں کو پریشان کر دیا ہے، مودی حکومت دعویٰ کرتی ہے کہ کسی قسم کی قلت نہیں ہے لیکن زمینی حقیقت اس سے مختلف ہے۔
شہری کئی علاقوں میں 4 سے 5 دنوں سے لائن لگا کر سلنڈر کا انتظار کر رہے ہیں، کچھ خواتین اپنی مشکلات بیان کرتے ہوئے آبدیدہ ہو گئیں، ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں، مرد حضرات بھی اپنی بے بسی ظاہر کرتے آبدیدہ نظر آئے۔
ایک شخص نے ویڈیو میں بتایا کہ وہ رات 3 بجے سے لائن میں کھڑا ہے، صبح 11 بجے تک گیس نہیں ملی، اس کے گھر والے بھی بھوکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں :مشرق وسطیٰ کے لئے آج بھی 80 پروازیں منسوخ
