پٹنہ 11 اپریل ( ایجنسیز ) بہار اسمبلی میں قائد اپوزیشن تیجسوی یادو نے آج کہا کہ سی بی آئی اور ای ڈی کے جال میں پھنسنے کے خوف سے جنتادل یونائیٹیڈ کے قائدین نے چیف منسٹر نتیش کمار کے خلاف سازش کی اور انہیں عہدہ سے مستعفی ہونے کیلئے مجبور کردیا ۔ تیجسوی یادو نے مزید دعوی کیا کہ چیف منسٹر کی حیثیت سے نتیش کمار کے استعفی کا فیصلہ بہت پہلے کرلیا گیا تھا ۔ اسمبلی انتخابات کے دوران ہی اس تعلق سے فیصلہ کرلیا گیا تھا تاہم بی جے پی قائدین نے اس کا انکشاف نہیں کیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ جے ڈی یو کے قائدین کو یہ خوف لاحق تھا کہ انہیں سی بی آئی اور ای ڈی کے جال میں پھنسایا جاسکتا ہے ۔ اسی لئے انہوں نے نتیش کمار کو استعفی کیلئے مجبور کردیا ۔
