پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 11ویں ایڈیشن کے لیے پشاور زلمی کی جانب سے جاری کیے گئے آفیشل ترانے ’رائز آف زلمی‘ کو سوشل میڈیا پر مداحوں کی جانب سے بھرپور پذیرائی مل رہی ہے۔
زلمی فینز اور صارفین نے اسے ایک ’ہائی انرجی‘ اور ’ماسٹر پیس‘ قرار دیا ہے۔
اس ترانے میں اداکاراؤں ماہرہ خان اور سائرہ یوسف کے ساتھ ٹیم کے کپتان بابر اعظم، محمد حارث، افتخار احمد اور شاہنواز دھانی بھی جلوہ گر ہیں، جنہوں نے شائقین کی توجہ حاصل کی ہے۔
ترانہ ریلیز ہونے کے بعد یوٹیوب اور ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر صارفین کی جانب سے تبصروں کا سلسلہ شروع ہو گیا، جہاں کئی لوگوں نے اس کی پروڈکشن، انرجی اور بیک گراؤنڈ میوزک کو سراہا۔
ایکس پر ایک صارف نے لکھا: ’اسے کہتے ہیں ترانہ، پشاور ہمیشہ معیار بہت بلند رکھتا ہے۔‘
یوٹیوب پر تبصرہ کرتے ہوئے سعید نامی صارف کا کہنا تھا: ’بیک گراؤنڈ سکور سے لے کر انرجی تک، یہ ترانہ ماسٹر پیس ہے۔‘
ایک اور صارف نے لکھا: ’زلمی ہمیشہ بہترین کرتا ہے، گانا اور ویڈیو ہمیشہ بہترین ہوتے ہیں۔‘
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
کچھ صارفین نے خاص طور پر ترانے کی ویڈیو اور اس میں شامل کھلاڑیوں کی موجودگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے ٹیم کے مداحوں کا جوش مزید بڑھا ہے۔
’رائز آف زلمی‘ میں بلال علی، سیف علی خان، نہال نسیم، وائد لیاقت اور الطمش نے اپنی آوازوں کا جادو جگایا ہے، جبکہ اس کی ہدایت کاری حسن داور نے کی ہے اور اسے ٹین ایٹی فلمز نے پروڈیوس کیا ہے۔
پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی کا کہنا ہے کہ ’رائز آف زلمی صرف ایک ترانہ نہیں بلکہ ہمارے مداحوں کی آواز اور ہمارے سفر کی روح ہے۔ یہ ہمارے جذبے اور ہر سیزن میں مزید مضبوط ہونے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’یہ ترانہ ہر اس زلمی سپورٹر کے لیے ہے جو ٹیم کے ساتھ کھڑا ہے۔‘
