ماسکو ۔30 جولائی ۔ ( یو این آئی ) روس کے مشرقی کامچٹکا جزیرہ نما میں چہارشنبہ کو آنے والے طاقتور زلزلے کی وجہ سے بحرالکاہل کے علاقے کے ممالک میں شام تک سونامی یا کسی نقصان کی کوئی خبر نہیں ہے ۔زلزلے کے بعد ساحلی ممالک میں سونامی کی وجہ سے نقصانات کا امکان بڑھ گیا تھا اور کئی ممالک نے سونامی کی وارننگ جاری کر دی تھی۔اس زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 8.8 تھی اور اس کی وجہ سے امریکہ کے ہوائی جزیرے اور بحرالکاہل کے ساحل پر واقع دیگر کئی ممالک نے سونامی کا الرٹ جاری کردیا تھا۔ روس کے ایک دور دراز علاقے میں زلزلے سے کچھ نقصان ہوا ہے ۔ زلزلے سے علاقے میں کچھ عمارتوں کو نقصان پہنچا جس سے کچھ افراد زخمی ہوئے ۔ کامچٹکا جزیرہ نما اور کریل جزائر کے علاقائی حکام نے کہا ہے کہ ان دونوں مقامات پر جاری کی گئی سونامی وارننگ کو منسوخ کردیا گیا ہے ، تاہم ممکنہ جھٹکے اور سونامی کی لہروں کو ابھی رد نہیں کیا جاسکتا۔ سونامی کے خدشے کے پیش نظر جاپان کے مشرقی ساحل کے بیشتر علاقوں کو خالی کرنے کا حکم دیا گیا اور فوکوشیما جوہری پلانٹ کو خالی کردیاگیا۔ لیکن بعد میں جاپانی حکام نے سونامی کی شدت کے انتباہ کو ہلکے زمرے میں رکھا۔ تاہم خطرہ مکمل طور پر ٹلا نہیں ہے اور حکام سونامی کی نئی لہروں پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔اسی طرح ہوائی علاقے میں تقریباً پانچ میٹر بلند لہریں اٹھیں تاہم ان سے کوئی نقصان نہیں ہوا۔ اس کے بعد مقامی پیسیفک سونامی سینٹر نے وارننگ لیول کو کم کرتے ہوئے کہا کہ یہاں کسی بڑی سونامی کا کوئی امکان نہیں ہے ۔ محکمہ ٹرانسپورٹیشن نے کہا کہ بعد میں ہونولولو ایئرپورٹ سے پروازیں دوبارہ شروع کر دی گئیں۔قبل ازیں روس کے کامچٹکا علاقے میں چہارشنبہ کے روز شدید زلزلے کے بعد متعدد قریبی ممالک نے سونامی کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے ۔ ان ممالک میں روس کے علاوہ چین، جاپان، انڈونیشیا اور فلپائن شامل ہیں۔ چین نے یلو الرٹ جاری کیا۔فلپائن کی جاری کردہ ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ ممکن ہے یہ سونامی کی سب سے بڑی لہریں نہ ہوں لیکن یہ کئی گھنٹوں تک ساحلی علاقوں پر اثر انداز ہوسکتی ہیں۔ شہریوں کو ساحل سے دور رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
انڈونیشیا نے شہریوں کو متنبہ کیا ہے کہ سونامی کی لہریں تقریباً آدھے میٹر تک بلند ہو سکتی ہیں۔ عوام سے کہا گیا ہے کہ وہ سرکاری ہدایات کو سنجیدگی سے لیں اور ساحلی علاقوں میں احتیاط برتیں۔فلپائن انسٹی ٹیوٹ آف وولکینولوجی اینڈ سیزمولوجی نے سونامی وارننگ سینٹر کی نظرثانی شدہ پیمائش اور سونامی ویو ماڈل کی بنیاد پر کہا ہے کہ چہارشنبہ کے روز سونامی لہریں آنے کا امکان ہے اگرچہ یہ لہریں بہت اونچی نہیں ہوں گی، تاہم یہ گھنٹوں تک جاری رہ سکتی ہیں۔علاقائی عوام کو غیر معمولی سمندری لہروں کے بارے میں محتاط رہنے کا مشورہ دیا گیاہے ۔