غزہ31جولائی (یو این آئی) غزہ کے پناہ گزین کیمپوں اور خیموں پر اسرائیلی فوج کی وحشیانہ بمباری سے مزید درجنوں فلسطینی شہید ہوگئے۔ اسرائیلی فوج نے معصوم فلسطینیوں پر اپنی وحشیانہ بمباری کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے جس کے نتیجہ میں مزید 52 فلسطینی شہید ہوگئے۔ دوسری جانب شمالی غزہ میں فلسطینی مزاحمت کاروں نے کارروائی کرتے ہوئے 5 اسرائیلی فوجیوں کو ہلاک کردیا جب کہ 14اسرائیلی فوجی زخمی بھی ہوئے جس کی اسرائیلی فوج کی جانب سے بھی تصدیق کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ 7 اکتوبر 2023ء کے بعد سے اسرائیلی حملوں میں 60 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔ شہدا میں 18ہزار 500 فلسطینی بچے بھی شامل ہیں۔ فلسطینی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی حملوں میں اب تک ایک لاکھ46 ہزار 269 افراد سے زائد زخمی ہوئے۔ امریکی اخبار نے غزہ پر اسرائیلی حملوں میں شہید بچوں کے نام جاری کردیئے جس کے مطابق 900 سے زائد بچے اپنی پہلی سالگرہ سے پہلے شہید کئے گئے ۔
غزہ میں غذائی قلت کے باعث
مزید7 افراد ہلاک
دبئی 31جولائی (یواین آئی) غزہ کی پٹی میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران غذائی قلت کے باعث مزید سات افراد ہلاک ہو گئے ۔یہ اطلاع فلسطینی علاقے میں حماس کے زیر انتظام وزارت صحت نے دی ہے ۔بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق وزارت نے کہا کہ 2023 میں اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ شروع ہونے کے بعد سے غذائی قلت سے ہونے والی اموات کی کل تعداد اب 154 ہو گئی ہے ، جن میں 89 بچے بھی شامل ہیں۔اقوام متحدہ کے حمایت یافتہ عالمی غذائی تحفظ کے ماہرین نے منگل کو خبردار کیا ہے کہ غزہ میں اس وقت قحط کی بدترین صورتحال جاری ہے ۔اسرائیل نے کہا ہے کہ وہ غزہ میں آنے والی امداد کو نہیں روک رہا ہے لیکن اس کے اس دعوے کو یورپ میں اس کے قریبی اتحادیوں، اقوام متحدہ اور غزہ میں کام کرنے والی دیگر ایجنسیوں نے قبول نہیں کیا ہے ۔دریں اثناء امریکہ کے خصوصی ایلچی سٹیو وٹ کوف غزہ کے بحران پر بات چیت کیلئے جمعرات کو اسرائیل کا دورہ کریں گے ۔