
(24 نیوز)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک ظہرانے کے دوران فرانسیسی صدر ایمانویل میکرون اور ان کی اہلیہ کے حوالے سے طنزیہ اور متنازع بیان دے دیا، جس کے بعد یہ معاملہ خبروں میں آ گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹرمپ نے نیٹو اتحادیوں پر ایران کے خلاف جنگ میں ساتھ نہ دینے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ میں نے فرانس سے مدد طلب کی تھی۔
اسی دوران انہوں نے میکرون کی اہلیہ بریجیٹ میکرون کے حوالے سے طنزیہ انداز اپنایا اور کہا کہ بریجیٹ میکرون کے ساتھ برا سلوک کرتی ہیں۔
ٹرمپ نے اپنے بیان میں ایک پرانی ویڈیو کا حوالہ بھی دیا، جس میں بظاہر بریجیٹ میکرون کو میکرون کو دھکا دیتے دکھایا گیا تھا۔
تاہم فرانسیسی صدر پہلے ہی اس تاثر کو مسترد کر چکے ہیں اور اسے غلط معلومات پر مبنی مہم قرار دے چکے ہیں۔
امریکی صدر نے مزید کہا کہ میں نے فرانس سے خلیجی خطے میں مدد کے لیے بحری جہاز بھیجنے کی درخواست کی تھی، تاہم میکرون نے جنگ کے بعد تعاون کی بات کی، جسے میں نے مسترد کر دیا۔
اس موقع پر ٹرمپ نے نیٹو کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے کاغذی شیر قرار دیا اور کہا کہ اگر کوئی بڑی جنگ ہوئی تو نیٹو ساتھ نہیں دے گا۔
دوسری جانب امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو نے بھی عندیہ دیا ہے کہ ایران کے خلاف جنگ کے بعد امریکا اپنے نیٹو کے ساتھ تعلقات کا ازسرِنو جائزہ لے سکتا ہے۔
