ہر گھر سے 33 سوالات پوچھے جائیں گے، تمام معلومات ڈیجیٹل ایپ میں جمع کئے جائیں گے
حیدرآباد ۔24 ۔ فروری (سیاست نیوز) ملک گیر سطح پر مردم شماری 2027 کے پہلے مرحلہ کی تیاریوں کو تیز کردیا گیا ہے ۔ ریاستی کابینہ نے ہاؤس لٹسنگ اور ہاؤزنگ مردم شماری کے سوالناموں کو منظوری دی ہے جس کے تحت ہر گھر سے 33 نکات پر مشتمل معلومات جمع کی جائیں گی ۔ ریاستی سطح پر محکمہ مردم شماری کے ڈائرکٹر اس عمل کی نگرانی کریں گے جبکہ مردم شماری کا عملہ گھر گھر جاکر مقررہ فارمیٹ کے مطابق تفصیلات اکھٹا کرے گا ۔ پہلے مرحلہ میں مکانات کی فہرست سازی اور ہاؤزنگ مردم شماری کی جائے گی ۔ عملہ ہر گھر کا دورہ کر کے مکان نمبر (میونسپل لوکل باڈی۔مردم شماری نمبر) مردم شماری مکان نمبر ، فرش، دیوار اور چھت کی تعمیری نوعیت، گھریلو استعمال اور رہائش کی نوعیت درج کی جائے گی۔ اس طرح خاندان کے افراد کی تعداد ، گھر کے سربراہ کا نام و جنس ، سماجی زمرہ ، (ایس سی ، ایس ٹی دیگر) ، ملکیت کی حیثیت ، کمروں اور شادی شدہ جوڑوں کی تعداد بھی پوچھی جائے گی۔ بنیادی سہولتوں سے متعلق سوالات میں پینے کے پانی کا ذریعہ اور دستیابی ، برقی کا بنیادی ذریعہ ، لائیٹرن و باتھ روم کی موجودگی اور ان کی نوعیت ، سیوریج آوٹ لیٹ ، کچن اور ایل پی جی/ پی این جی کنکشن ، کھانا پکانے کی ایندھن کی قسم شامل ہیں۔ گھریلو اثاثوں سے متعلق معلومات میں ریڈیو / ٹرانسسٹر، انٹرنیٹ کی سہولت، لیاپ ٹاپ ، کمپیوٹر ، ٹیلیفون ، موبائیل ، اسمارٹ فون، سیکل ، اسکوٹر ، موٹر سیکل ، موپیڈ اور کار، جیپ‘ ویان کی تفصیلات طلب کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ خاندان کے اہم غذائی عادات اور موبائیل نمبر بھی درج کیا جائے گا تاکہ مردم شماری میں معلومات کی توثیق ممکن ہوسکے۔ مردم شماری 2027 کے اس مرحلہ میں شمار کنندہ اپنے موبائیل فون پر خصوصی ایپ / پورٹل کے ذریعہ معلومات درج کرے گا۔ تمام جوابات ڈیجیٹل طریقہ سے محفوظ ہوں گے جس سے شفافیت اور رفتار میں اضافہ متوقع ہے۔ حکومت مردم شماری کے اس اعداد و شمار کی بنیاد پر ترقیاتی اور فلاحی پروگراموں کی منصوبہ بندی کرتی ہے ۔ تحفظات ، وسائل کی تقسیم اور انتخابی حد بندی جیسے اہم اقدامات بھی انہیں اعداد و شمار پر منحصر ہوتے ہیں۔ اس لحاظ سے مردم شماری کو پالیسی سازی کیلئے کلید تصور کیا جاتا ہے۔ واضح رہے کہ ملک میں آخری مردم شماری 2011 میں ہوئی تھی۔ اگرچہ کہ آئندہ مردم شماری 2021 میں طئے پائی تھی تاہم کووڈ 19 کی وباء کے باعث اسے ملتوی کردیا گیا تھا ۔ اب مردم شماری 2027 کے تحت یہ عمل جدید ڈیجیٹل نظام کے ساتھ شروع کیا جارہا ہے۔2
