اسلام آباد۔30 جولائی ۔ (ایجنسیز ) پاکستانی وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ جب بھی صدر ٹرمپ پاک بھارت لڑائی روک دینے کی بات کرتے ہیں، تو وزیراعظم مودی کے زخم تازہ ہو جاتے ہیں۔ شہباز شریف نے منگل کے روز پاکستان اور ہندوستان کے درمیان ہونے والی حالیہ لڑائی رکوانے میں امریکی صدر ٹرمپ کے کردار کو سراہتے ہوئے اسے پاکستان کی بڑی سفارتی کامیابی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ امریکی صدر ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ روکی ہے، اس سفارتی کامیابی سے بڑی کوئی کامیابی نہیں ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ امریکی صدر ٹرمپ بارہا کہہ چکے ہیں کہ ہم نے جنگ رکوا دی، اور جب امریکی صدر کہتے ہیں کہ ہم نے پاک بھارت جنگ رکوا دی، تو وزیر اعظم مودی کے زخم پھر سے تازہ ہو جاتے ہیں۔ واضح رہے کہ ہندوستان امریکی صدر کے اس دعوے کو تسلیم نہیں کرتا کہ پہلگام حملے کے بعد پاکستان اور ہندوستان کے درمیان جو مختصر لڑائی ہوئی اسے امریکی صدر کی ثالثی سے روکا گیا۔ تاہم صدر ٹرمپ یہ بات کئی بار کہہ چکے ہیں یہ لڑائی انہوں نے ہی رکوائی تھی۔ مودی حکومت کا دعوی ہے کہ اس نے پاکستان پر حملے کے مقاصد حاصل کرنے کے بعد یہ جنگ روکی۔ پہلگام حملے اور پاکستان کے ساتھ ہونے والے تنازعے کے حوالے سے انڈین پارلیمنٹ میں ہونے والی بحث کے دوران بھی مودی حکومت اپنے اسی دعوے کو دہرانے کے ساتھ ہی یہ کہہ کر اپنی تعریف کرتی رہی ہے کہ اس نے ’’پاکستان کو سبق سکھایا‘‘۔