کراچی میں عمارت گرنے سے پانچ اموات، چھ افراد زخمی

uttu
2 Min Read


کراچی میں پولیس نے جمعے کو بتایا کہ ایک پانچ منزلہ عمارت گرنے سے کم از کم پانچ افراد جان سے چلے گئے اور چھ زخمی ہو گئے جب کہ مزید لوگ ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔ 

خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق یہ واقعہ صبح تقریباً 10 بج کر 10 منٹ پر پیش آیا جس کے بعد امدادی کارکنوں اور علاقہ مکینوں نے مل کر ملبے سے لوگوں کو نکالا۔

سینیئر مقامی پولیس افسر عارف عزیز نے بتایا ’اب تک ہم نے پانچ لاشوں اور چھ زخمی افراد کو نکال لیا ہے۔‘ 

انہوں نے مزید کہا کہ عمارت میں تقریباً 100 افراد رہائش پذیر تھے۔

امدادی کارروائی کی قیادت کرنے والے ایدھی فاؤنڈیشن کے سعد ایدھی نے بتایا کہ ’کم از کم مزید آٹھ سے 10 لوگ ملبے تلے دبے ہو سکتے ہیں۔‘ 

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انہوں نے عمارت کو ’خستہ حال‘ قرار دیا۔ سعد ایدھی نے اموات کی تعداد چار بتائی۔

عمارتوں اور چھتوں کے گرنے کے واقعات پاکستان میں عام ہیں کیوں کہ ملک میں تعمیراتی معیار ناقص ہے اور عموماً غیر معیاری تعمیراتی سامان استعمال کیا جاتا ہے۔

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو فوری رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔

وزیر اعلیٰ ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق انہوں نے ریسکیو ٹیموں کو ہدایت دی کہ ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں اور زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی جائے۔

بیان میں کہا گیا کہ مراد علی شاہ نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی سے شہر بھر میں موجود بوسیدہ اور خستہ حال عمارتوں کی فوری تفصیلات طلب کرتے ہوئے کہا کہ خطرناک عمارتوں کی بروقت نشاندہی اور شہریوں کی حفاظت کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔





Source link

Share This Article
Leave a Comment