147 کروڑآبادی ، سالانہ 0.89 فیصد کا اضافہ، چین میں آبادی پر کنٹرول کے اقدامات، امریکہ تیسرے نمبر پر
حیدرآباد ۔19 ۔ فروری (سیاست نیوز) ہندوستان کا شمار سب سے زیادہ آبادی والے ملک کے طور پر ہوتا ہے جس کی آبادی تقریباً 1.47 بلین پہنچ چکی ہے۔ آبادی کے اعتبار سے چین دوسرے نمبر پر ہے لیکن وہاں آبادی کی شرح میں تیزی سے کمی واقع ہورہی ہے ۔ ہندوستان کی آبادی 147 کروڑ ہے جبکہ چین کی آبادی 142 کروڑ درج کی گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ چین میں ضعیف العمری اور شرح پیدائش میں کمی کے باعث آبادی میں کمی کا رجحان ہے۔ افریقی ممالک نائجیریا اور ایتھوپیا میں تیزی سے شرح پیدائش درج کی جارہی ہے جس کے نتیجہ میں آبادی میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔ ماہرین کے مطابق ایتھوپیا اور نائجیریا میں نوجوانوں کی آبادی میں اضافہ ہوا۔ ترقی یافتہ ممالک میں روس اور دیگر ممالک میں مستقبل کے چیلنجس کو دیکھتے ہوئے آبادی میں کمی کی مساعی کی ہے اور شرح پیدائش میں کمی کا رجحان ہے۔ ہندوستان میں سالانہ 0.89 فیصد کی شرح سے آبادی میں اضافہ ہورہا ہے جبکہ چین میں شرح پیدائش سالانہ منفی 0.23 فیصد درج کی گئی۔ امریکہ کی آبادی 38.8 کروڑ ہے اور وہاں سالانہ 0.51 فیصد اضافہ کا رجحان ہے۔ انڈونیشیا کی آبادی 28.6 کروڑ درج کی گئی جہاں ہر سال 0.76 فیصد آبادی میں اضافہ ہورہا ہے۔ پاکستان کی آبادی 25.9 کروڑ ہے اور سالانہ 1.60 فیصد کا اضافہ درج کیا گیا ہے۔ ٹاپ 10 زائد آبادی والے ممالک میں نائجیریا چھٹویں مقام پر ہے جس کی آبادی 24.1 کروڑ ہے اور سالانہ 2.06 فیصد کا اضافہ ہے۔ برازیل 21.2 کروڑ آبادی کے ساتھ ساتویں ، بنگلہ دیش 17.6 کروڑ کے ساتھ آٹھویں، روس 14.4 کروڑ کے ساتھ نویں اور ایتھوپیا 13.8 کروڑ کے ساتھ دسویں نمبر پر ہیں۔ نائجیریا میں سالانہ 2.06 فیصد ، برازیل 0.35 فیصد، بنگلہ دیش 1.21 فیصد، روس منفی 0.42 فیصد اور ایتھوپیا میں سالانہ 2.53 فیصد اضافہ کا رجحان ہے۔ دنیا کی آبادی 2022 تک 8 بلین تک جو توقع ہے کہ 2026 تک 8.2 بلین تک پہنچ جائے گی۔ ایشیائی ممالک میں آبادی ملک کی 60 فیصد ہے۔ کئی ترقی یافتہ اور ترقی پذیر ممالک نے آبادی پر قابو پانے کے اقدامات شروع کئے ہیں تاکہ عوام تک ترقی اور فلاح و بہبود کے فوائد کو پہنچایا جاسکے۔1
