تقریباً 10 ہزار ملین ادائیگیاں ، گوگل پے میں 8 ملین ادائیگی کا ریکارڈ بنایا
حیدرآباد ۔3 ۔ اپریل (سیاست نیوز) بینکنگ شعبہ میں آن لائین ادائیگی کے رجحان میں اضافہ کے بعد یو پی آئی خدمات فراہم کرنے والی کمپنیوں میں مسابقت دیکھی جارہی ہے۔ آن لائین ادائیگی نے ہر کاروبار میں اپنی اہمیت میں اضافہ کرتے ہوئے معمولی سے بھاری ادائیگی تک کیلئے یو پی آئی کے استعمال کیلئے عوام کو مجبور کردیا ہے۔ حد تو یہ ہوگئی کہ چھوٹے کاروباریوں کے علاوہ بھکاریوں کے پاس بھی آن لائین ادائیگیوں کی سہولت موجود ہے۔ یو پی آئی ادائیگی میں فون پے کو دیگر کمپنیوں کو سبقت حاصل ہے جبکہ گوگل پے کو دوسرا مقام حاصل ہوا ہے۔ یو پی آئی کے ذریعہ ادائیگی سے نہ صرف عوام بلکہ تاجرین کو بھی سہولت حاصل ہے۔ تاہم یو پی آئی کے زیادہ استعمال سے انکم ٹیکس حکام کی نظر میں آنے کا بھی اندیشہ برقرار ہے۔ حالیہ سروے کے مطابق فون پے نے تقریباً 10,000 ملین آن لائین ادائیگی کے نشانہ کی تکمیل کرلی ہے۔ سروے کے مطابق فون پے کے ذریعہ 9913.63 ملین کی ادائیگیاں کی گئیں اور عوام کی اولین ترجیح فون پے بن چکی ہے۔ گوگل پے نے 7229.11 ملین ادائیگیوں کے ذریعہ دوسرا مقام حاصل کیا ہے۔ پے ٹی ایم کے ذریعہ 1659.49 ملین کی ادائیگی درج کی گئی ۔ یو پی آئی کی سہولت فراہم کرنے والے دیگر اداروں میں NAVI ، سوپر منی، ایکسیز بینک ، واٹس ایپ پے اور امیزان پے کی بھی معمولی حصہ داری ریکارڈ کی گئی۔ ہندوستان کے یو پی آئی ادائیگی سسٹم میں محض دو کمپنیوں کو غلبہ حاصل ہے۔ یو پی آئی کے ذریعہ آن لائین ادائیگی کے آسان سسٹم نے بینکوں کے دیگر کارڈس کے استعمال میں کمی واقع ہوئی ہے۔1
