نئی دہلی، 10 فروری (یو این آئی) یوتھ کانگریس کے کارکنوں نے صدر ادے بھانو چِب کی قیادت میں منگل کے روز یہاں وزیر اعظم کی رہائش گاہ کا گھیراؤ کیا اور ایپسٹین فائلس میں وزیر اعظم نریندر مودی کا نام ظاہر ہونے اور سابق آرمی چیف جنرل ایم ایم نروانے کی کتاب سے متعلق تنازعہ پر ان کی خاموشی کے خلاف احتجاج کیا۔ یوتھ کانگریس کے ترجمان ورون پانڈے نے بتایا کہ ملک بھر سے یوتھ کانگریس کے کارکنان جنتر منتر پر جمع ہوئے ۔ پارٹی کے جنرل سکریٹری اور راجیہ سبھا کے رکن ناصر حسین، لوک سبھا کے رکن دیپیندر سنگھ ہڈا، دہلی پردیش کانگریس کے صدر دیویندر یادو، اور قومی سکریٹری پردیپ نروال کے ساتھ بڑی تعداد میں کانگریس کے عہدیداروں نے وزیر اعظم کی رہائش گاہ کا گھیراؤ کرنے والے یوتھ کانگریس کارکنوں کی حوصلہ افزائی کی۔ انہوں نے بتایا کہ جب یوتھ کانگریس کے کارکن جنتر منتر پر جمع ہوئے اور مسٹر چِب کی قیادت میں وزیر اعظم کی رہائش گاہ کا گھیراؤ کرنے کے لیے آگے بڑھنے لگے تو دہلی پولیس نے رکاوٹیں کھڑی کر کے انہیں آگے بڑھنے سے روک دیا۔ جب نوجوانوں نے مسٹر ادے بھانو چِب کے ساتھ زبردستی آگے بڑھنے کی کوشش کی تو پولیس نے تقریباً 250 کارکنوں کو حراست میں لے لیا۔ تنظیم کے کارکنوں نے بعد میں لوک سبھا اسپیکر اوم برلا کی رہائش گاہ کے باہر احتجاج کیا۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے یوتھ کانگریس کے صدر نے کہا کہ مسٹر نریندر مودی نے ایپسٹین فائلوں میں نام آنے کے بعد خوف سے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے سامنے پوری طرح گھٹنے ٹیک دیے ۔ انہوں نے کہا کہ مسٹر نریندر مودی نے جس طرح سے امریکی صدر کے سامنے گھٹنے ٹیکے اور قومی مفادات کو نظر انداز کرکے یکطرفہ شرائط پر تجارتی معاہدوں پر دستخط کیے ، اس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ وزیر اعظم بہت کمزور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسٹر نریندر مودی کانگریس کے سابق صدر اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی کے سوالات سے خوفزدہ ہیں۔
