
(24نیوز) اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس میں امریکی نمائندے نے ایران کی جوہری تنصیبات پر حملے کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کارروائی اپنے اتحادی اسرائیل کی سلامتی کے تحفظ اور ایران کے ایٹمی عزائم کو روکنے کے لیے کی گئی۔
امریکی مندوب نے خطاب میں کہا کہ گزشتہ روز ایران میں جوہری تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا، حملوں کا مقصد ایران کی جوہری صلاحیت کو روکنا تھا،ہم ایران کو کسی صورت ایٹمی ہتھیار بنانے کی اجازت نہیں دے سکتے۔
انہوں نے الزام لگایا کہ ایران دہشت گردی کا سپانسر ہے،امریکی کارروائی کا مقصد دنیا، بالخصوص مشرق وسطیٰ کو محفوظ بنانا تھا،ایران خطے میں عدم استحکام کا بنیادی ذریعہ ہے۔
امریکی مندوب نے ایران پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ ایران امریکا اور اسرائیل کو ختم کرنے کے نعرے لگاتا ہے اور ہم اس خطرے کو نظرانداز نہیں کر سکتے،انہوں نے کہا کہ ایران نے اسرائیل پر میزائل حملے اور پراکسی گروہوں کے ذریعے حملے کیے،ایرانی پراکسیز عراق اور افغانستان میں امریکی شہریوں کو قتل کر چکی ہیں ،حالیہ سفارتی کوششوں میں بھی ایران کی نیت خالص نظر نہیں آئی۔
امریکی نمائندے نے خبردار کیا کہ اگر امریکی اڈوں یا شہریوں پر دوبارہ حملہ ہوا تو اس کے تباہ کن نتائج ہوں گے، ہم اپنے دفاع میں ہر ممکن قدم اٹھائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں : چین اور روس کی جانب سے ایران پر امریکی حملے کی شدید مذمت، عالمی قوانین کی خلاف ورزی قرار
