
(24 نیوز)ایران کا امریکہ کے ساتھ مذاکرات کا شیڈول طے پا گیا ہے، استنبول میں جمعہ کو امریکہ اور ایران کے درمیان اہم مذاکرات ہوں گے جن میں امریکی خصوصی ایلچی سٹیو وٹکوف اور ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی شرکت کریں گے، یہ ملاقات دونوں ممالک کے درمیان بڑھتی کشیدگی کے بعد اہم سنگ میل کے طور پر دیکھی جا رہی ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے تصدیق کی کہ امریکہ ایران کے ساتھ مذاکرات کر رہا ہے اور اگر معاملہ طے نہ ہوا تو نتائج بہت سنگین ہوں گے،انہوں نے کہا کہ امریکی ایلچی اسٹیو وٹکوف جمعہ کو ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی سے ملاقات کریں گے۔
مزید پڑھیں:یو اے ای میں شہریوں نے زیورات بیچنا شروع کردیے، وجہ بھی سامنے آگئی
رپورٹس کے مطابق اس ملاقات میں سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر، مصر اور دیگر علاقائی ممالک کے بھی نمائندے شریک ہوں گے،ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی کا اس حوالے سے کہا تھا کہ ایران باہمی احترام کی بنیاد پر امریکہ سے مذاکرات کے لیے تیار ہے، تاہم دھمکیوں اور دباؤ کو قبول نہیں کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ احترام کا جواب احترام سے دیا جائے گا اور دھمکیوں کا جواب اسی زبان میں دیا جائے گا۔
ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ وہ یورینیم افزودگی کے معاملے میں کچھ لچک دکھانے کے لیے تیار ہیں، اس کے بدلے میں ایران چاہتا ہے کہ امریکی جنگی جہاز اور دیگر فوجی اثاثے ایران سے دور ہٹائے جائیں،دوسری جانب ایران کی جانب بڑا بحری بیڑا بھی گامزن ہے، جو اس خطے میں کشیدگی کے تناظر میں اہمیت رکھتا ہے۔
امریکی صدر ٹرمپ کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ امریکہ معاملات کو پرامن اور سفارتی حل کے ذریعے حل کرنے کا خواہاں ہے، لیکن اگر تنازعہ طے نہ ہوا تو نتائج نہایت سنگین ہوں گے۔
