پاکستان نے ٹی 20 ورلڈ کپ میں نمیبیا کو باآسانی شکست دے کر ٹورنامنٹ کے اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔
کولمبو میں بدھ کو کھیلے گئے اس میچ میں پاکستان نے 102 رنز سے فتح حاصل کی۔
پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور صاحبزادہ فرحان کی سینچری کی بدولت 200 رنز کا ہدف دیا جس کے جواب میں نمیبیا کی پوری ٹیم صرف 97 رنز ہی بنا سکی۔
نمیبیا کے لیے پاکستانی سپنرز انتہائی مشکل ثابت ہوئے جن میں سے شاداب خان نے تین، عثمان طارق نے چار اور محمد نواز نے ایک وکٹ لی۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
پاکستان نے اس میچ کے لیے شاہین آفریدی کی جگہ سلمان مرزا کو کھیلانے کا فیصلہ کیا جو صحیح ثابت ہوا۔ سلمان مرزا نے دو اووروں میں صرف 11 رنز دے کر ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
جبکہ شاہین آفریدی اب تک کے میچز میں انتہائی مہنگے ثابت ہوئے تھے۔
نمیبیا نے 200 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اننگز کا آغاز کیا تو صرف 49 پر ہی اس کی چار وکٹیں گر گئی تھیں۔
ان کی جانب سے سٹین کیمپ نے 23 اور ایلگزینڈر نے 20 رنز بنائے۔
اس طرح پاکستان نے اپنے گروپ میں تین فتوحات کے ساتھ سپر 8 مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔ اسے اپنے گروپ میں صرف انڈیا سے ہی شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
