بجٹ میں اقلیتوں کو خاص اہمیت دینے ڈاکٹر محمد سلیم کی اپیل
حیدرآباد 21 فبروری (سیاست نیوز) سکریٹری تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی ڈاکٹر محمد سلیم نے کانگریس ہائی کمان بالخصوص قائد اپوزیشن لوک سبھا راہول گاندھی سے اپیل کی کہ اس مرتبہ تلنگانہ سے خالی ہونے والی دو راجیہ سبھا کی نشستوں میں ایک نشست پر مسلم قائد کو نمائندگی دینے کا مطالبہ کیا۔ ڈاکٹر محمد سلیم نے کہا کہ کانگریس ایک سیکولر جماعت ہے جس سے توقع کی جاسکتی ہے۔ ایم اے خان کے بعد کانگریس کے کسی بھی مسلم قائد کو راجیہ سبھا کا رکن نہیں بنایا گیا ہے۔ ریاست میں کانگریس حکومت ہے۔ حکومت کی تشکیل میں مسلمانوں نے کلیدی رول ادا کیا ہے۔ جوبلی ہلز کے ضمنی انتخاب کے علاوہ گرام پنچایت اور بلدیاتی انتخابات میں مسلمانوں نے کانگریس کی کامیابی کیلئے غیرمعمولی رول ادا کیا ہے جس کے تناظر میں تلنگانہ پردیش کانگریس اور ہائی کمان راجیہ سبھا میں تلنگانہ سے مسلم نمائندگی پر سنجیدگی سے غور کرکے مسلمانوں سے انصاف کریں ۔ ڈاکٹر محمد سلیم نے 23 فبروری کو کابینہ اجلاس میں اس پر بھی سنجیدگی سے تبادلہ خیال کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں بجٹ سیشن 26 فبروری سے شروع ہونے کی میڈیا سے اطلاعات ملی ہیں۔ لہٰذا وہ ریاستی وزیرفینانس و ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارک سے اپیل کرتے ہوئے اس مرتبہ بجٹ میں اقلیتوں کیلئے بھاری رقومات مختص کریں تاکہ اسمبلی انتخابات سے قبل اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں سے جو وعدے کئے گئے تھے ان کی تکمیل کو یقینی بنایا جاسکے۔ وہ امید کرتے ہیں ہائی کمان اور ریاستی حکومت ان کے مطالبات پر سنجیدگی سے غور کرکے تلنگانہ کی اقلیتوں سے انصاف کرے گی۔2
