آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر 8 مرحلے میں انگلینڈ نے کپتان ہیری بروک کی شاندار بلے بازی کی بدولت پاکستان کو دو وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔
پالیکلے میں کھیلے جانے والے اس میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور 165 رنز کا ہدف دیا جو انگلش ٹیم نے ہیری بروک کی سینچری کی بدولت دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
انگلش ٹیم اپنی اننگز کی پہلی گیند سے ہی دباؤ میں رہی جب شاہین آفریدی نے فل سالٹ کو آؤٹ کر دیا۔ اس کے بعد جاز بٹلر بھی صرف دو رنز ہی بنا سکے۔
بیتھیل آٹھ اور ٹام بینٹن بھی صرف دو ہی رن بنا کر آؤٹ ہوئے تو ایسا لگ رہا تھا کہ پاکستان باآسانی یہ میچ جیت جائے گا۔ مگر ہیری بروک کے ارادے کچھ اور ہی تھی۔
بروک نے 51 گیندوں پر چار چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے 100 رنز کی اننگز کھیلی اور اپنی ٹیم کو جیت کے قریب لے گئے۔
ایک موقع پر جب بروک سینچری سکور کر کے آؤٹ ہوئے تو انگلینڈ کو جیت کے لیے 10 رنز درکار تھے ایسے میں محمد نواز نے ایک ہی اوور میں دو مزید وکٹیں لے کر میچ کو پھر سے دلچسپ بنا دیا تھا۔
پاکستان کی جانب سے سب سے کامیاب بولر شاہین شاہ آفریدی رہے جنہوں نے 30 رنز دے کر چار وکٹیں لیں۔ ان کے علاوہ محمد نواز اور عثمان طارق نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
اس سے قبل پاکستانی اننگز میں صاحبزادہ فرحان نے ورلڈ کپ میں ایک اور نصف سنچری سکور کی اور پہلے بابر اعظم اور پھر فخر زمان کے ساتھ پارٹنرشپ قائم کی جس سے ٹیم کو قدرے بہتر سکور کا موقع ملا۔
پاکستان کی جانب سے صاحبزادہ فرحان نے 45 گیندوں پر 63، بابر اعظم 24 گیندوں پر 25، فخر زمان 16 گیندوں پر 25 اور اننگز کے آخر میں شاداب خان 11 گیندوں پر 23 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔
انگلش بولرز نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے پاکستانی بلے بازوں کو کھل کر رنز بنانے کا کوئی موقع نہیں دیا۔
انگلینڈ کی جانب سے لیام ڈاسن تین وکٹوں کے ساتھ نمایاں بولر رہے جبکہ جوفرا آرچر، اوررٹن نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
اس جیت کے ساتھ ہی انگلینڈ نے تو سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے مگر پاکستان ایک بار پھر اس صورتحال میں آ گیا ہے کہ وہ سری لنکا کو شکست دے اور نیوزی لینڈ بھی اپنا ایک میچ ہار جائے۔
