
(24نیوز) ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نےامریکا کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ جنگ ہوئی تو تباہ کن ہوگی،خطے میں اسرائیل واحد ملک ہے جو جنگ چاہتا ہے۔
ایک بیان میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا کہ امریکا کے ساتھ منصفانہ معاہدے تک پہنچنے کیلئے پُر عزم ہیں، جنگ اور امن دونوں آپشنز کیلئے تیار ہیں۔
ایرانی وزیرخارجہ نےواشنگٹن پرواضح کردیا کہ ہم اب پہلے سے کہیں زیادہ تیار ہیں،تنازعہ پورے خطے کولپیٹ میں لےگا،بات چیت اور سفارت کاری ہی واحدراستہ ہے۔
عباس عراقچی نے کہا کہ پُرامن جوہری استعمال کا حق نہیں چھوڑیں گے،ہمیں دھمکا کر ہتھیار ڈالنے پر مجبور نہیں کیا جا سکتا، ہماری خواہش جنگ کی تیاری نہیں بلکہ اسے روکنے کی ہے، صدر ٹرمپ جعلی خبروں کا شکار ہو چکے ہیں۔
ایرانی وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ ہم امریکا تک پہنچنے والے ہتھیار تیار نہیں کر رہے، ایٹمی ہتھیار حاصل کرنے کی کوشش نہیں کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں:ایران یورینیم افزودگی کی کوشش کر رہا ہے، امریکا نے تہران کو اپنے لئے سنگین خطرہ قرار دیدیا
خیال رہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کا تیسرا دور آج جنیوا میں شروع ہوگا، فریقین کے درمیان جوہری مذاکرات عمان کی ثالثی میں ہو رہے ہیں،ایرانی وفدکی قیادت عباس عراقچی کریں گے۔
