
(24 نیوز)مشرق وسطیٰ میں پیدا ہونے والی جنگی صورتحال کے بعد پہلی مرتبہ انٹرنیشنل فلائٹس شیڈول میں بہتری آنے لگی ہے.
فیصل آباد ایئر پورٹ سے شارجہ، راس الخیمہ دبئی، کراچی سے اماراتی ایئرلائن کی دبئی سے ایک پرواز اور پشاور ائیر پورٹ پر آج شارجہ سے 2 پروازیں پہنچی ہیں۔
فیصل آباد ایئر پورٹ پر آج بین الاقوامی پروازوں کا آپریشن معمول پر رہا جبکہ ملک کے بین الاقوامی ایئر پورٹس سے آج 76 پروازیں منسوخ ہوئی ہیں، کراچی ایئر پورٹ سے آج مشرق وسطیٰ کی 28، اسلام آباد ایئر پورٹ سے 24، لاہور ایئرپورٹ پر مشرق وسطیٰ کی 18 منسوخ ہوئی ہیں۔
پشاور ائیرپورٹ پر 12، ملتان ائیر پورٹ سے 2، سیالکوٹ ائیرپورٹ سے دبئی کی 4 پروازیں منسوخ ہوئی ہیں، ذرائع کے مطابق پاکستان سے 11 دن کے دوران مشرق وسطیٰ کی 1 ہزار 224 پروازیں منسوخ ہوئیں۔
واضح رہے کہ مشرق وسطیٰ اور کچھ ایشیائی مقامات کے لیے لاہور سے جانے والی پروازیں نویں روز بھی منسوخ رہی جبکہ لاہور سے یو اے ای، دوحہ اور بحرین کے لیے کل 12 پروازیں منسوخ کی گئی ہیں۔
لاہور سے ابوظہبی جانے والی ائیر بلیو پی اے 430 ، اتحاد ائیر ای وائے 285 منسوخ ہیں، جبکہ ابوظہبی سے لاہور آنے والی اتحاد ائیر ای وائے 284 بھی منسوخ ہے۔
ذرائع کے مطابق لاہور سے دبئی جانے والی ائیربلیو پی اے 410 منسوخ ہے، لاہور سے دوحہ جانے والی قطر ائیر کیو آر 621 جبکہ دوحہ سے لاہور آنے والی قطر ائیرویز کیو آر 620 منسوخ ہو گئی ہیں۔
اسی طرح، لاہور سے گوانگ ژو جانے والی چائنا سدرن سی زیڈ 6038 اور گوانگ ژو سے لاہور آنے والی چائنا سدرن سی زیڈ 6037 پروازیں بھی منسوخ کر دی گئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں :چیف منسٹر مریم نے تمام وزراء کیلئے سرکاری پٹرول بند کر دیا
