مکہ مکرمہ، 10 مارچ (یو این آئی) حرمین شریفین سمیت مملکت اور خلیجی ممالک کی مساجد میں اعتکاف کا آغاز ہو گیا ہے ۔ ایس پی اے کے مطابق مسجد الحرام مکہ مکرمہ میں تقریباً 3 ہزار جب کہ مسجد نبوی ﷺ مدینہ منورہ میں 3200 مرد وخواتین اعتکاف میں بیٹھے ہیں۔ مسجد نبوی ﷺ کی انتظامیہ کا کہنا ہے ‘اعتکاف کرنے والوں میں 2400 مرد جبکہ 800 خواتین ہیں۔ معتکفین نے اعتکاف کے لیے ادارے کے پورٹل پر خود کو رجسٹر کیا تھا۔مردوں کے لیے مسجد نبوی ﷺ کے مشرقی سمت کی چھت پر جبکہ خواتین کے لیے مشرقی سمت کی نئی توسیع میں انتظام کیا گیا ہے ۔ مسجد نبوی ﷺ کی انتطامیہ نے اعتکاف کے لیے چار مرکزی ہالوں میں 48 اقسام کی جگہیں مخصوص کی ہیں۔ ہر معتکف کو لاکر کی سہولت مہیا کی گئی ہے تاکہ وہ اپنا ذاتی سامان بحفاظت وہاں رکھ سکیں۔ اس کے علاوہ ہر ایک معتکف کو ایک کٹ فراہم کی گئی ہے ، جس میں ذاتی دیکھ بھال کی اشیا اور دیگر ضروری سامان موجود ہے ۔ معتکفین کے لیے بہترین روحانی ماحول مہیا کیا گیا ہے ۔ اعتکاف کے مقامات کو مستقل بنیادوں پر بخور کی دھونی دی جاتی ہے جبکہ افطار اور سحری کا اہتمام بھی انتظامیہ کی جانب سے کیا جاتا ہے ۔ ان کے لیے فرسٹ ایڈ کا مکمل انتظام موجود ہے علاوہ ازیں موبائل چارجنگ یونٹس اور لانڈری کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے ۔ حرمین شریفین سمیت مملکت کی تمام مساجد اور دیگر عرب ممالک کی مساجد میں بھی اعتکاف کا آغاز ہو گیا ہے ۔ واضح رہے کہ رمضان المبارک کے آخری عشرے میں اعتکاف کیا جاتا ہے ۔ ہر سال معتکفین 20 ویں روزے کے افطار سے قبل مساجد میں معتکف ہو جاتے ہیں۔ جو شوال کا چاند نظر آنے تک مساجد میں اعتکاف میں رہتے ہیں۔
