سوشیل میڈیا میں آڈیو وائرل ، 25 لاکھ روپئے کی وصولی کا اعتراف
حیدرآباد ۔یکم اپریل (سیاست نیوز) اراضی تنازعات اور خاص طور پر رئیل اسٹیٹ معاملات میں سیاسی قائدین کی مداخلت سے ہر کوئی واقف ہے لیکن ان دنوں سوشیل میڈیا میں ایک آڈیو تیزی سے وائرل ہوا جس میں خیریت آباد کے رکن اسمبلی ڈی ناگیندر کو بلڈرس سے بھاری رقم کا مطالبہ کرتے ہوئے سنا جاسکتا ہے ۔ وائرل آڈیو کی اگرچہ کسی آزادانہ ذرائع سے توثیق نہیں ہوئی اور نہ ہی رکن اسمبلی نے وائرل آڈیو کے خلاف کوئی مقدمہ درج کرایا ہے لیکن آڈیو میں رکن اسمبلی اور بلڈرس کے درمیان بات چیت واضح طور پر سنی جاسکتی ہے۔ کنگ کوٹھی کے علاقہ میں ایک اراضی پر بلڈرس کی جانب سے تعمیر کو حکام کی منظوری دلانے کیلئے تقریباً دو کروڑ کا مطالبہ کیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ مقامی افراد نے یہ کہتے ہوئے تعمیری کاموں کی مخالفت کی کہ یہ سرکاری اراضی ہے جبکہ بلڈرس کا دعویٰ ہے کہ اراضی غیر سرکاری ہے۔ وائرل آڈیو میں رکن اسمبلی کی جانب سے 25 لاکھ روپئے کی وصولی کا بھی تذکر ہ ہے اور ایک مرحلہ پر رکن اسمبلی اپنے حامیوں کو فون کرتے ہوئے رقم واپس کرنے کی ہدایت دے رہے ہیں ۔ آڈیو میں بلڈرس اور رکن اسمبلی کے درمیان 12,000 گز تعمیر کئے جانے والے کامپلکس کے تنازعہ پر تفصیلی بات چیت ہے اور بلڈرس کے اصرار پر رکن اسمبلی نے ضلع کلکٹر کے ذریعہ تنازعہ کی یکسوئی کے سلسلہ میں مہلت طلب کی ہے۔ واضح رہے کہ وائرل آڈیو کے سلسلہ میں رکن اسمبلی کی جانب سے ابھی تک کوئی وضاحت نہیں کی گئی۔1
