
(ویب ڈیسک)امریکی ریاست ورجینیا کے سابق گورنر جسٹن فیئر فیکس نے اپنی اہلیہ ڈاکٹر سرینہ فیئر فیکس کو فائرنگ کر کے قتل کرنے کے بعد خود کو بھی گولی مار کر خودکشی کر لی۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ واشنگٹن ڈی سی کے قریبی علاقے اینندیل میں پیش آیا،دونوں کی لاشیں گزشتہ روز گھر سے برآمد ہوئیں، ابتدائی تفتیش میں بتایا گیا ہے کہ جسٹن فیئر فیکس نے پہلے گھر کے تہہ خانے میں اپنی اہلیہ کو گولی مار کر قتل کیا اور بعد ازاں اوپر کی منزل کے کمرے میں جا کر خودکشی کر لی۔
واقعے کے وقت ان کا بیٹا گھر میں موجود تھا جس نے پولیس کو واقعے کی اطلاع دی۔
رپورٹس کے مطابق دونوں کے درمیان گھریلو تنازعات طویل عرصے سے جاری تھے اور ان کی طلاق کا کیس بھی زیرِ سماعت تھا، عدالت نے جسٹن فیئر فیکس کو اپریل کے آخر تک گھر خالی کرنے کا حکم دے رکھا تھا۔
عدالتی ریکارڈز اور قریبی ذرائع کے مطابق جسٹن فیئر فیکس ماضی میں سیاسی اور ذاتی اسکینڈلز، مالی مشکلات اور ذہنی دباؤ کا شکار رہے ہیں،ان پر ماضی میں جنسی ہراسانی کے الزامات بھی لگے تھے جن کی وجہ سے ان کا سیاسی کیریئر متاثر ہوا۔
جسٹن فیئر فیکس کی اہلیہ ڈاکٹر سرینہ فیئر فیکس ایک معروف ڈینٹسٹ تھیں اور اپنے پیشہ ورانہ کیریئر میں کامیاب سمجھی جاتی تھیں، دونوں کے 2 نو عمر بچے بھی ہیں۔
