لائیو اپ ڈیٹس |
پاکستان خطے میں امن کے لیے مخلصانہ کوششیں جاری رکھے گا: وزیراعظم کی ایرانی صدر سے گفتگو
وزیراعظم شہباز شریف نے ایران کے صدر مسعود پزشکیان سے ہفتے کو ٹیلیفونک گفتگو میں کہا ہے کہ پاکستان خطے میں امن اور دیرپا استحکام کے فروغ کے لیے اپنی مخلصانہ اور سنجیدہ کوششیں جاری رکھے گا۔
اپنے ایکس پیغام میں وزیراعظم نے لکھا: ’آج شام مجھے اپنے بھائی، صدر مسعود پیزشکیان کے ساتھ ایک خوشگوار اور تعمیری ٹیلیفونک تبادلہ کرنے کا موقع ملا، جس میں خطے کی بدلتی ہوئی صورت حال پر بات چیت ہوئی۔ ‘
انہوں نے مزید لکھا: ’میں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ دوستوں اور شراکت داروں کی حمایت کے ساتھ، پاکستان ایک دیانتدار اور مخلص سہولت کار کے طور پر خدمات انجام دینے کے لیے پرعزم ہے، جو خطے میں پائیدار امن اور دیرپا استحکام کے فروغ کے لیے مسلسل اور بھرپور کوششیں کر رہا ہے۔ ‘
وزیراعظم ہاؤس سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق: ’تقریباً 50 منٹ تک جاری رہنے والی اس گرم جوش اور دوستانہ گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے خطے کی موجودہ صورت حال اور امن و استحکام کے فروغ کے لیے جاری کوششوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ ‘
وزیراعظم شہباز شریف نے 11 اور 12 اپریل 2026 کو اسلام آباد میں منعقدہ مذاکرات میں ایران کے اعلیٰ سطح وفد کے کی شرکت کو سراہا۔
بیان کے مطابق: ’انہوں نے ایران کے اس فیصلے کا بھی خیرمقدم کیا کہ وزیر خارجہ عباس عراقچی کی قیادت میں ایک وفد اسلام آباد بھیجا گیا، جس نے آج وزیراعظم سمیت دیگر اہم شخصیات سے ملاقاتیں کیں، جن میں وزیراعظم کے ساتھ دو گھنٹے طویل تفصیلی ملاقات بھی شامل تھی۔ ‘
وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر کو اپنی حالیہ سفارتی سرگرمیوں سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ مختلف عالمی رہنماؤں سے ان کے رابطوں نے جنگ سے متاثرہ خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے مکالمے اور سفارت کاری کی حمایت میں وسیع تر اتفاق رائے پیدا کرنے میں مدد دی ہے۔
انہوں نے اس ماہ کے اوائل میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے دورۂ تہران کے دوران ایرانی قیادت کے ساتھ ہونے والی مفید بات چیت کو بھی سراہا۔
ایرانی صدر کو، پاکستان کے خطے میں امن کے لیے پختہ عزم کا یقین دلاتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ’پاکستان خطے میں امن اور سلامتی کے فروغ کے لیے اپنی مخلصانہ اور سنجیدہ کوششیں جاری رکھے گا۔ ‘
صدر مسعود پزشکیان نے وزیراعظم، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی امن کے لیے کاوشوں میں اہم کردار پر شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے امن کے لیے ایران کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے اس اعتماد کا بھی اظہار کیا کہ ’ایران اور پاکستان کے برادرانہ تعلقات مستقبل میں مزید مستحکم اور وسیع ہوں گے۔ ‘
بیان کے مطابق: ’دونوں رہنماؤں نے باہمی رابطوں اور قریبی مشاورت کو جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ ‘
دیکھنا باقی ہے کہ امریکہ واقعی سفارت کاری میں سنجیدہ ہے یا نہیں: عباس عراقچی
ایرانی وزیر دفاع عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ’پاکستان کا دورہ بہت مفید رہا۔ ہم پاکستان کی ان کوششوں اور برادرانہ کردار کو بہت سراہتے ہیں جو وہ ہمارے خطے میں امن قائم کرنے کے لیے کر رہا ہے۔‘
Very fruitful visit to Pakistan, whose good offices and brotherly efforts to bring back peace to our region we very much value.
Shared Iran’s position concerning workable framework to permanently end the war on Iran. Have yet to see if the U.S. is truly serious about diplomacy.
— Seyed Abbas Araghchi (@araghchi) April 25, 2026
ایکس پر اپنے بیان میں انہون نے کہا: ’ہم نے ایران کا مؤقف بھی شیئر کیا، جس میں جنگ کو مستقل طور پر ختم کرنے کے لیے ایک قابلِ عمل فریم ورک شامل ہے۔‘
ایرانی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ ’ابھی یہ دیکھنا باقی ہے کہ کیا امریکہ واقعی سفارتکاری میں سنجیدہ ہے؟‘
سٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر اب پاکستان نہیں جائیں گے: ٹرمپ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ہفتے کو فاکس نیوز کی وائٹ ہاؤس کی نمائندہ عائشہ حسنی کو بتایا ہے کہ امریکی مذاکرات کار اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر اب ایران کے ساتھ مذاکرات کے لیے پاکستان نہیں جائیں گے۔
صدر ٹرمپ کے بقول: ’میں نے انہیں کہا کہ نہیں، آپ کو 18 گھنٹے کی فلائٹ لینے کی ضرورت نہیں، ہمارے پاس سارے کارڈ موجود ہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ایرانی جب چاہیں امریکہ کو کال کر سکتے ہیں۔
ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں صدر ٹرمپ نے مزید کہا: ’میں نے اپنے نمائندوں کا ایرانیوں سے ملاقات کے لیے اسلام آباد کا دورہ منسوخ کر دیا ہے۔ سفر میں بہت زیادہ وقت ضائع ہو رہا تھا اور کام بھی بہت ہے۔‘
ان کے بقول: ’اس کے علاوہ، ان کی قیادت کے اندر شدید اختلافات اور انتشار ہے۔ انہیں خود بھی نہیں معلوم کہ ان میں سے اصل میں انچارج کون ہے۔‘
صدر ٹرمپ نے مزید کہا: ’ہماری پوزیشن بہت مضبوط ہے اور ان کے پاس کچھ بھی نہیں۔ اگر وہ بات کرنا چاہتے ہیں تو بس ہمیں کال کریں۔‘
مذاکرات کے لیے ایران کی ریڈ لائنز پر بات کی: عباس عراقچی
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے پاکستانی آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کے بعد ٹیلی گرام پر کہا ہے کہ اُنہوں نے مذاکرات کے لیے ایران کی ریڈ لائنز پر بات کی ہے۔ انہوں نے تفصیلات پیش نہیں کیں لیکن کہا کہ تہران پاکستان کی ثالثی کوششوں سے تعاون جاری رکھے گا ’جب تک کوئی نتیجہ نہیں نکلتا۔‘
خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کو دو پاکستانی حکام نے بتایا کہ ایرانی وزیر خارجہ پاکستان سے روانہ ہو چکے ہیں۔
اے پی کو سٹیو وٹ کوف اور جیرڈ کشنر کی اسلام آباد آمد یا واشنگٹن سے روانگی کے متعلق وائٹ ہاؤس نے ہفتے کو کوئی تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ سے ملاقات میں وزیر اعظم نے ڈائیلاگ اور ڈپلومیسی کی اہمیت پر زور دیا: اسحاق ڈار
پاکستان کے وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ہفتے کو کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقی سے ملاقات میں خطے اور اس سے باہر امن و استحکام کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیا۔
Prime Minister Muhammad Shahbaz Sharif received Iranian Foreign Minister Abbas Araqchi at the Prime Minister House today and the meeting lasted around two hours approx.
Along with Prime Minister @CMShehbaz, Deputy Prime Minister and Foreign Minister Senator Mohammad Ishaq Dar… pic.twitter.com/SpUoHyfoRR
— Ishaq Dar (@MIshaqDar50) April 25, 2026
ایکس پر جاری بیان میں انہوں نے لکھا: وزیراعظم شہباز شریف نے آج وزیراعظم ہاؤس میں ایران کے وزیر خارجہ سے ملاقات کی، جو تقریباً دو گھنٹے تک جاری رہی۔‘
وزیر اعظم شہباز شریف نے بھی ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ ’ میں نے آج اسلام آباد میں ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی اور ان کے وفد سے ملاقات کی جس میں موجودہ علاقائی صورت حال پر نہایت خوشگوار اور دوستانہ ماحول میں تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔‘
Was pleased to meet H.E. Seyed Abbas Araghchi, Foreign Minister of Iran, and his delegation in Islamabad today. Had a most warm, cordial exchange of views on the current regional situation. We also discussed matters of mutual interest, including the further strengthening of… pic.twitter.com/ZGLQNuGOK6
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) April 25, 2026
انہوں نے کہا کہ ’ہم نے باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بھی گفتگو کی، جن میں پاکستان اور ایران کے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر خاص توجہ دی گئی۔‘
وزیر اعظم شہباز شریف اور ایرانی وزیر خارجہ کی اسلام آباد میں ملاقات جاری
پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف اور ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کی ایرانی وفد سمیت اسلام آباد میں ملاقات، اس ملاقات میں نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی وزیرِ اعظم کے ہمراہ شریک ہیں۔
امریکہ جنگ سے نکلنے کا باعزت راستہ ڈھونڈ رہا ہے: ایران
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ایران کی وزارت دفاع نے ہفتے کو کہا کہ امریکہ جنگ سے نکلنے کے لیے ’باعزت راستہ‘ تلاش کر رہا ہے۔
ایرانی خبر رساں ادارے اسنا کے مطابق وزارت کے ترجمان نے کہا ’آج ہماری فوجی طاقت ایک غالب قوت ہے، اور دشمن اس جنگی دلدل سے نکلنے کے لیے کوئی ایسا راستہ ڈھونڈ رہا ہے جس سے اس کی ساکھ برقرار رہ سکے۔‘
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا جب امریکی نمائندے سٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر اسلام آباد روانہ ہو رہے ہیں۔
تاہم ایرانی سرکاری میڈیا کا کہنا ہے کہ براہِ راست مذاکرات فی الحال متوقع نہیں۔
آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگیں صاف کرنے میں مدد پر غور کر سکتے ہیں: ترکی
روئٹرز کے مطابق ترک وزیر خارجہ ہاکان فیدان نے کہا ہے کہ ایران اور امریکہ کے درمیان ممکنہ امن معاہدے کے بعد ترکی آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگیں صاف کرنے کی کارروائیوں میں حصہ لینے پر غور کر سکتا ہے۔
فیدان نے جمعے کی شام لندن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی معاہدے کے بعد ایک تکنیکی ٹیم آبنائے میں بارودی سرنگیں صاف کرنے کا کام انجام دے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ترکی اصولی طور پر ایسے اقدامات کو ایک انسانی ذمہ داری کے طور پر مثبت نظر سے دیکھتا ہے۔
تہران کے بین الاقوامی ہوائی اڈے سے شہری پروازیں دوبارہ شروع
خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق ایران نے ہفتے کو تہران کے بین الاقوامی ہوائی اڈے سے شہری پروازیں دوبارہ شروع کر دی ہیں۔
امریکہ اور اسرائیل کے ساتھ تنازع شروع ہونے کے تقریباً دو ماہ بعد پہلی بار تہران کے بین الااقوامی ایئرپورٹ سے بیرون ملک کے لیے پروازیں روانہ ہوئی ہیں۔
ایران کے سرکاری ٹیلی ویژن نے رپورٹ کیا کہ تہران میں امام خمینی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے استنبول، عمان کے دارالحکومت مسقط اور سعودی شہر مدینہ کے لیے پروازیں روانہ ہوئیں۔
فلائٹ ٹریکنگ پلیٹ فارم فلائٹ ریڈار 24 نے ظاہر کیا کہ کم از کم تین استنبول جانے والی پروازیں ہفتہ کی صبح روانہ ہوئیں۔
ایران نے اس مہینے کے شروع میں امریکہ کے ساتھ جنگ بندی کے درمیان اپنی فضائی حدود جزوی طور پر دوبارہ کھول دی تھیں۔
ایرانی وزیر خارجہ کی پاکستانی فیلڈ مارشل سے ملاقات
پاکستان میں ایران کے سفارت خانے نے ایکس پر جاری بیان میں بتایا کہ ’ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اپنے وفد کے ہمراہ فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات کی ہے۔‘
H.E. Dr Seyyed Abbas Araghchi, Honorable Foreign Minister calls on Field Marshal Seyed Asim Munir, NI(M), HJ, COAS & CDF pic.twitter.com/sihS0yB3NJ
— Embassy of IR Iran Pakistan (@IraninIslamabad) April 25, 2026
ملاقات میں پاکستان کی جانب سے وزیرداخلہ محسن نقوی اور آئی ایس آئی کے سربراہ لیفٹینٹ جنرل عاصم ملک جبکہ ایرانی وفد میں نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی، وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی، پاکستان میں ایران کے سفیر رضا امیری مقدم شامل تھے۔
اس بیان کے ساتھ سفارت خانے نے اس ملاقات کی ایک ویڈیو بھی جاری کی ہے۔ ایرانی وزیر خارجہ کی سربراہی میں ایران کا ایک وفد پاکستان کا دورہ کر رہا ہے۔
پاکستان اور مصر کے وزرائے خارجہ میں ٹیلی فونک رابطہ
خبر رساں ادارے روئٹرز نے رپورٹ کیا ہے کہ پاکستانی نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور مصری وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی کے درمیان جمعے کو ٹیلی فونک رابطے میں ایران امریکہ مذاکرات پر پیش رفت کے حوالے سے گفتگو ہوئی ہے۔
یہ گفتگو ایک ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب ایرانی وفد وزیرخارجہ عباس عراقچی کی قیادت میں گذشتہ شب پاکستان پہنچا تھا اور امریکی وفد کی پاکستان آمد متوقع ہے۔
امریکہ نے 344 ملین ڈالر کی کرپٹو کرنسی منجمد کر دی
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق امریکہ نے ایران سے روابط کی وجہ سے 344 ملین ڈالر کے کرپٹو کرنسی اثاثے منجمد کر دیے ہیں۔
امریکہ وزیر خزانہ سکاٹ بیسنٹ نے کہا ہے کہ واشنگٹن جنگ کی وجہ سے توانائی کی فراہمی میں خلل کے درمیان تہران پر دباؤ بڑھانے کی کوشش کر رہا ہے۔
نیتن یاہو کا حزب اللہ پر تاریخی معاہدہ ’سبوتاژ‘ کا الزام
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اسرائیلی وزیر اعظم بنیامن نیتن یاہو نے حزب اللہ پر لبنان کے ساتھ ’تاریخی‘ امن معاہدے تک پہنچنے کی کوششوں کو ’سبوتاژ‘ کرنے کی کوشش کا الزام لگایا۔
ہرمز ’فوری طور پر کھولنا ضروری ہے‘
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق یورپی کونسل کے صدر نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز کو ’بغیر کسی پابندی اور بغیر ٹولنگ کے‘ فوری طور پر دوبارہ کھولنا ضروری ہے، یورپی کونسل کے صدر انتونیو کوسٹا نے لبنان اور شام کے رہنماؤں کے ساتھ بات چیت کے بعد کہا۔
مشرق وسطیٰ میں 200 سے زیادہ جنگی طیارے، 15 ہزار فوجی
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق امریکی فوج نے بتایا ہے کہ 2003 کی عراق جنگ چھیڑنے کے بعد پہلی بار اب مشرق وسطیٰ میں تین طیارہ بردار بحری جہاز موجود ہیں۔
یو ایس سینٹرل کمانڈ نے ایکس پر کہا ہے کہ تین بیٹل گروپس میں ’200 سے زیادہ طیارے اور 15,000 بحری اہلکار اور میرینز‘ شامل ہیں۔
