دوسرے مرحلہ میں 142 نشستوںکیلئے کل رائے دہی
کولکتہ 27 اپریل ( ایجنسیز ) معربی بنگال میںدوسرے مرحلہ کی انتخابی مہم آج شام اختتام کو پہونچی ۔ دوسرے مرحلہ میں بھی انتہائی شدت کے ساتھ مہم چلائی گئی ۔ ایس آئی آر ‘ در اندازی ‘ کرپشن اور بیروزگاری جیسے مسائل پر ٹی ایم سی اور بی جے پی میں الزامات اور جوابی الزامات کا سلسلہ جاری رہا ۔ ریاست میںدوسرے مرحلے میں 142 اسمبلی نشستوں کیلئے 29 اپریل کو ووٹ ڈالے جائیں گے ۔ آج انتخابی مہم کے آخری دن وزیر اعظم نریندر مودی نے بارکپور میں بی جے پی کے انتخابی جلسہ سے خطاب کیا ۔ انہوں نے کہا کہ وہ بنگال میں تبدیلی کی لہر محسوس کر رہے ہیں۔ وزیر داخلہ امیت شاہ نے بیہالہ میںایک روڈ شو میں حصہ لیا ۔ انہوں نے عوام سے بلا خوف وخطر رائے دہی میں حصہ لینے کی اپیل کی اور کہا کہ انتخابات کے ایک ہفتے بعد تک بھی ریاست میں مرکزی فورسیس متعین رہیں گی ۔ چیف منسٹر وترنمول سربراہ ممتابنرجی نے اپنے حلقہ انتخاب بھوانی پور پر توجہ مرکوز کی اور وہاں انہوں نے ایک روڈ شو منعقد کیا ۔ انہوں نے الیکشن کمیشن کے طرز عمل پر تنقید کی اور کہا کہ کمیشن کی ایماء پر ترنمول کارکنوںکو گرفتار کیا جا رہا ہے ۔ تاہم گرفتار کرنے والوں کو یاد رکھنا چاہئے کہ مستقبل میں وہ بھی گرفتار ہوسکتے ہیں۔
