
(ویب ڈیسک ) ایزی جیٹ پرواز کو دورانِ پرواز مسافروں کے سامان میں پاور بینک کے ذریعے فون چارج ہونے کی اطلاع پر ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑ گئی ۔
اطلاعات کے مطابق 180 مسافروں کو لے کر جانے والی پرواز مصر کے شہر حُرغادہ سے لندن کے لیے روانہ تھی کہ اچانک کپتان نے اعلان کیا کہ سامان میں ایسی چیز موجود ہے جو نہیں ہونی چاہیے تھی جس کے بعد طیارے نے غیر متوقع طور پر اپنا رخ تبدیل کر لیا۔
بعد ازاں پرواز کو احتیاطی طور پر اٹلی کے شہر روم کے ہوائی اڈے پر اتار لیا گیا۔ مسافروں کو رات بھر ہوٹلوں میں رکھا گیا جبکہ کچھ نے ایئرپورٹ ٹرمینل میں وقت گزارا۔ ایئرلائن کے مطابق یہ اقدام مکمل طور پر حفاظتی اصولوں کے تحت کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں:تہلکہ خیز انکشافات..! نئی کتاب نے سیاست میں ہلچل مچا دی
مسافروں کے مطابق ابتدائی طور پر جہاز میں خوف و ہراس پھیل گیا کیونکہ کسی کو واضح طور پر مسئلے کی تفصیل نہیں بتائی گئی تھی، تاہم لینڈنگ کے بعد صورتحال واضح ہوئی کہ معاملہ پاور بینک سے متعلق تھا۔
ایزی جیٹ انتظامیہ نے واقعے پر معذرت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسافروں کی حفاظت ان کی پہلی ترجیح ہے اور اسی لیے پرواز کو احتیاطاً موڑا گیا۔
