Sun. Jul 20th, 2025

میٹا کی انڈین وزیر اعلیٰ کو مردہ قرار دینے والے غلط ترجمے پر معذرت

386306 1094505959


میٹا نے فیس بک پر ترجمے کی ایک غلطی پر معذرت کر لی ہے جس سے یہ تاثر پیدا ہوا کہ انڈیا کی جنوبی ریاست کرناٹک کے وزیر اعلیٰ سدارامیاہ چل بسے ہیں۔

یہ معاملہ اس وقت سامنے آیا جب منگل کو وزیر اعلیٰ کے فیس بک اکاؤنٹ سے کنڑ زبان کی مشہور اداکارہ بی سروجا دیوی کو خراج عقیدت کا پیغام شیئر کیا گیا۔

ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق میٹا کے کنڑ سے انگریزی میں خودکار ترجمے کے نظام نے اس پوسٹ کا ترجمہ یوں کیا: ’وزیر اعلیٰ سدارامیاہ گذشتہ روز چل بسے۔ کئی زبانیں بولنے والی سینیئر اداکارہ بی نے سروجا دیوی کے جسد خاکی کا درشن کیا اور آخری بار خراج عقیدت پیش کیا۔‘

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

کنڑ، کرناٹک کی سرکاری زبان ہے اور انڈیا کی آئینی طور پر تسلیم شدہ 22 زبانوں میں شامل ہے۔

اس غلطی کی بدھ کو سدارامیاہ کی ٹیم نے نشان دہی کی اور کہا کہ ترجمے ’اکثر غلط‘ اور ’بہت سخت گمراہ کن ہوتے ہیں۔‘

وزیر اعلیٰ کے ذرائع ابلاغ کے لیے مشیر کے وی پربھاکر نے میٹا کو رسمی خط لکھ کر مطالبہ کیا کہ جب تک درست ترجمہ نہیں ہوتا کنڑ زبان میں خودکار ترجمے عارضی طور پر روک دیے جائیں اور اس مقصد کے لیے کمپنی ’کنڑ زبان اور لسانی ماہرین کے ساتھ مل کر کام کرے۔‘

خط میں مزید کہا گیا کہ ’عوامی پیغامات، خصوصاً وزیر اعلیٰ جیسے آئینی عہدے دار کی طرف سے، انتہائی حساس معاملہ ہے اور ترجمے کی خامیوں کی وجہ سے اس طرح کی غلط خبریں کسی طور قابل قبول نہیں۔‘

سدارامیاہ نے یہ خط اپنے ایکس اکاؤنٹ پر بھی شیئر کیا اور لکھا کہ ’میٹا پلیٹ فارمز پر کنڑ مواد کا غلط خودکار ترجمہ حقائق کو مسخ کر رہا ہے اور صارفین کو گمراہ کر رہا ہے۔ خاص طور پر سرکاری پیغامات کے معاملے میں یہ انتہائی خطرناک ہے۔‘

’سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو ذمہ داری کے ساتھ کام کرنا چاہیے۔ میں شہریوں کو متنبہ کرتا ہوں کہ دکھائے جانے والے تراجم اکثر غلط ہوتے ہیں۔ ٹیکنالوجی کمپنیوں کی ایسی غفلت عوامی فہم اور اعتماد کو نقصان پہنچا سکتی ہے۔‘

میٹا نے اس معاملے پر معذرت کی اور کہا کہ یہ مسئلہ اس کے ترجمے کے نظام میں تکنیکی خرابی کی وجہ سے پیش آیا۔

کمپنی کے ترجمان نے پریس ٹرسٹ آف انڈیا کو بتایا کہ ’ہم نے وہ مسئلہ حل کر دیا ہے جس کی وجہ سے کنڑ ترجمے میں یہ غلطی عارضی طور پر آئی۔ ہم اس پر معذرت خواہ ہیں۔‘

اب ترجمہ درست کر دیا گیا ہے اور اس میں لکھا ہے کہ’کئی زبانوں میں کام کرنے والی سینیئر اداکارہ بی سروجا دیوی گذشتہ روز بنگلور میں چل بسیں۔ میں نے سروجا دیوی کے جسد خاکی کا درشن کیا اور آخری خراج عقیدت پیش کیا۔‘

’بی سروجا دیوی عظیم اداکارہ ہیں۔ وہ ایک شاندار اداکارہ ہیں جنہوں نے کنڑ، تمل، تیلگو اور ہندی زبانوں میں مختلف کردار ادا کیے اور پانچ زبانوں کی سپر سٹار کے طور پر جانی جاتی ہیں۔‘

تاہم میٹا کی ملکیت سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اب بھی ترجمے کی غلطی درست نہیں کی گئی۔

لکھتے وقت وہاں یہ لکھا گیا کہ ’کئی زبانوں کی سپر سٹار، سینیئر اداکارہ بی سروجا دیوی جو گذشتہ روز چل بسیں نے انہوں نے آخری خراج عقیدت پیش کیا۔‘





Source link

By uttu

Related Post

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *