(24 ںیوز )بھارتی ریاست بہار کے ضلع ویسٹ چمپارن کے موہچھی بنکٹوا گاؤں میں ایک حیرت انگیز واقعہ پیش آیا جہاں ایک سالہ بچے گووندا نے زہریلے کوبرا کو دانتوں سے کاٹ کر ہلاک کر دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ جمعہ کے روز مظہولیا بلاک میں پیش آیا جب گووندا گھر کے قریب کھیل رہا تھا اور اس نے کھیلتے ہوئے کوبرا کو دیکھا، اسے کھلونا سمجھ کر پہلے کسی چیز سے مارا اور پھر دانتوں سے کاٹ لیا جس سے سانپ موقع پر ہی ہلاک ہو گیا۔
چند گھنٹوں بعد گووندا بے ہوش ہو گیا جس پر گھر والوں نے فوری طور پر اسے قریبی پرائمری ہیلتھ سینٹر پہنچایا اور وہاں سے اسے گورنمنٹ میڈیکل کالج اینڈ ہسپتال بیٹیاہ منتقل کیا گیا۔
ڈاکٹروں کے مطابق گووندا کی حالت اب مستحکم ہے اور وہ زیرِ نگرانی ہے، ڈاکٹروں نے بتایا کہ بچے کے جسم میں زہر کے آثار نہیں ملے اور سانپ کی موت ممکنہ طور پر بچے کے کاٹنے سے سر اور منہ پر لگنے والی چوٹ کی وجہ سے ہوئی۔
گووندا کی دادی نے بتایا کہ بچے کی ماں قریب ہی لکڑیاں جمع کر رہی تھی جب یہ واقعہ پیش آیا، انہوں نے کہا، جب ہم نے بچے کے ہاتھ میں سانپ دیکھا تو سب اس کی طرف دوڑے لیکن اس وقت تک گووندا نے سانپ کو کاٹ کر ہلاک کر دیا تھا۔
یہ واقعہ گاؤں میں بحث کا موضوع بن گیا ہے اور مقامی افراد اور ڈاکٹر اس واقعے کو “انتہائی غیر معمولی” قرار دے رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں :صدر مملکت نے امریکی جنرل مائیکل کوریلا کو نشان امتیاز سے نواز دیا