امریکی صدر ایک بار پھر عالمی سفارتی نقشہ پر سرگرم، مسلم ممالک کے ساتھ رابطے
واشنگٹن۔ 2 اگست (ایجنسیز) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ ایک مرتبہ پھر عالمی سفارتی نقشہ پر سرگرم ہو چکے ہیں اور اس بار ان کی توجہ وسطی ایشیائی خطے کے مسلمان ممالک پر ہے۔ ٹرمپ کی نئی سفارتی مہم کا مقصد اسرائیل سے تعلقات قائم کرنے کے لیے آذربائیجان سمیت متعدد ریاستوں کو ابراہم معاہدے میں شامل کرنا ہے۔ میڈیا کے مطابق ٹرمپ کی ٹیم آذربائیجان کے ساتھ انتہائی سنجیدہ اور منظم مذاکرات کر رہی ہے جبکہ دیگر ممالک کے ساتھ بھی رابطوں کا سلسلہ جاری ہے۔ آذربائیجان اور اسرائیل کے درمیان پہلے ہی سفارتی اور عسکری سطح پر تعلقات موجود ہیں، مگر اب ان روابط کو رسمی شکل دینے اور عالمی منظرنامہ پر ابراہم معاہدے کی توسیع کے طور پر پیش کرنے کی کوشش ہو رہی ہے۔ ذرائع کے حوالے سے میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ٹرمپ کی حکمت عملی کا ایک اور پہلو آرمینیا اور آذربائیجان کے درمیان دیرینہ تنازعہ کا حل ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ امریکی ثالثی کے ذریعہ دونوں ممالک کے درمیان امن معاہدہ کروانے کی کوشش ہو رہی ہے، تاہم اس کے لیے آذربائیجان کی جانب سے اسرائیل کو تسلیم کرنا لازمی شرط کے طور پر رکھا گیا ہے۔ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے بڑی فارماسیوٹیکل کمپنیوں کو سخت خبردار کیا ہے کہ اگر انہوں نے ادویات کی قیمتوں میں کمی نہ کی تو سخت اقدامات کیے جائیں گے۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘‘ٹروتھ سوشل’’ پر بتایا کہ انہوں نے 17 بڑی دوا ساز کمپنیوں کو خطوط بھیجے ہیں جن میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ 60 دن کے اندر قیمتوں میں کمی کے حوالے سے عملی اقدامات کریں۔ انہوں نے کہا کہ اگر کمپنیوں نے تعاون نہ کیا تو حکومت اپنے تمام اختیارات استعمال کرتے ہوئے امریکی عوام کو ریلیف دلائے گی۔ ٹرمپ نے دوا ساز کمپنیوں کے ابتدائی جوابات کو مایوس کن قرار دیا اور کہا کہ یہ جوابات صرف الزامات کو منتقل کرنے اور ایسی پالیسیوں کی بات کرتے ہیں جو صرف صنعت کے فائدے میں ہیں، عوام کے نہیں۔ صدر ٹرمپ نے رواں سال مئی میں ادویات کی قیمتوں میں کمی کا حکم نامہ جاری کیا تھا اور اب انہوں نے واضح کیا ہے کہ اگر ادویات کی قیمتیں دنیا کے دیگر ممالک کی سطح پر نہ لائی گئیں تو فارما کمپنیوں پر اضافی ٹیرف (ٹیکس) عائد کیے جائیں گے۔ ٹرمپ کی یہ مہم امریکی عوام کو مہنگی ادویات کے بوجھ سے نجات دلانے کے لیے ایک بڑا قدم تصور کی جا رہی ہے۔