تہران : 13جولائی ( ایجنسیز ) اسرائیل اور ایران کے درمیان ہونے والی 12 روزہ جنگ کے دوران ایران کے صدر مسعود پزشکیان کے زخمی ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ترک خبر ایجنسی انادولو نے ایرانی میڈیا کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے 17 جون کو حملے کے وقت اعلیٰ ایرانی حکام بشمول حکومت کی تین برانچز کے سربراہان تہران میں ایک محفوظ مقام پر میٹنگ میں مصروف تھے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی حملے میں متعلقہ عمارت کے داخلی اور خارجی راستے پر 6 پروجیکٹائلز سے حملہ کیا گیا، اسرائیلی حملے میں ایران کے صدر مسعود پزشکیان کو ٹانگ پر معمولی زخم آئے تھے تاہم ایرانی صدر سمیت تمام عہدیدار بحفاظت متعلقہ عمارت سے نکلنے میں کامیاب رہے تھے۔ایرانی خبر رساں ادارے فارس نیوز کے مطابق اسرائیل نے ایسا ہی حملہ حزب اللہ کے سابق سربراہ حسن نصر اللہ کو نشانہ بنانے کے لیے بھی کیا تھا۔ترک میڈیا کے مطابق ایرانی حکام کو شبہ ہے کہ اس حوالے سے ممکنہ طور پر اندر سے خبر لیک کی گئی۔یاد رہے کہ 13 جون کو اسرائیل نے ایران کے جوہری پروگرام، ملٹری ہیڈ کوارٹرز اور سویلین آبادی پر میزائلوں سے حملہ کیا تھا جس میں 606 افراد شہید اور 5 ہزار سے زائد زخمی ہوئے تھے۔ایران نے بھی اپنے دفاع میں اسرائیل پر تابڑ توڑ حملے کیے جس میں 29 افراد ہلاک اور 3 ہزار 400 افراد زخمی ہوئے، پھر 24 جون کو امریکہ کی مداخلت کے بعد 13 روزہ جنگ کا خاتمہ ہوا۔