Sun. Apr 19th, 2026

امریکی نمائندے ایران سے مذاکرات کے لیے کل شام اسلام آباد میں ہوں گے: ٹرمپ

394571 1392529451


امریکہ اور ایران کے درمیان سیز فائر جاری۔

دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور اسلام آباد میں ہی ہونے کا امکان۔

لبنان اور اسرائیل بھی 10 روزہ جنگ بندی پر متفق۔

ایران کا جنگ بندی کی بقیہ مدت کے دوران آبنائے ہرمز کھلی رکھنے کے اعلان کے بعد دوبارہ اسے بند کرنے کا فیصلہ

لائیو اپ ڈیٹس


وزیراعظم شہباز شریف اور ایرانی صدر پزشکیان کا خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال

وزیراعظم شہباز شریف نے اور ایران کے صدر مسعود پزشکیان کے درمیان اتوار کی شام ٹیلی فون پر ہونے والی بات چیت میں دونوں رہنماؤں نے خطے کی موجودہ صورتحال اور امن کی کوششوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق تقریباً 45 منٹ جاری رہنے والی گفتگو کے دوران شہباز شریف نے ایرانی قیادت کا شکریہ ادا کیا کہ اس نے 11 اور 12 اپریل کو اسلام آباد میں مذاکرات کے لیے اعلیٰ سطحی وفد بھیجا۔

وزیراعظم نے ایرانی صدر کو سعودی عرب، قطر اور ترکیہ سمیت مختلف عالمی رہنماؤں کے ساتھ اپنی حالیہ ملاقاتوں سے بھی آگاہ کیا اور کہا کہ ان روابط نے خطے میں پائیدار امن کے لیے سفارتکاری کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے فیلڈ مارشل عاصم کے حالیہ دورۂ تہران کے دوران ہونے والی بات چیت کو بھی سراہا۔

شہباز شریف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا اور ایرانی سپریم لیڈر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

صدر پزشکیان نے پاکستان کی امن کوششوں کو سراہتے ہوئے دونوں ممالک کے تعلقات مزید مضبوط ہونے کی امید ظاہر کی۔


اسلام آباد: جرمن اور آسٹریلوی سفارت خانے پیر اور منگل کو بند رہیں گے

جرمن سفیر اینا لیپل نے اتوار کو کہا ہے کہ اسلام آباد میں جرمن سفارت خانہ 20 اپریل سے ’کم از کم 21 اپریل‘ تک بند رہے گا۔

ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ ’امریکہ ایران مذاکرات کے دوران اسلام آباد میں سڑکوں کی بندش کی وجہ سے، جرمن سفارت خانے کے ویزا سیکشنز کل 20 اپریل سے کم از کم 21 اپریل 2026 تک بند رہے گا۔‘ 

اسی طرح اسلام آباد میں آسٹریلوی ہائی کمیشن نے اعلان کیا ہے کہ سفارت خانہ 20 اور 21 اپریل (پیر اور منگل) کو بند رہے گا۔

ایکس پر ہی ایک بیان میں آسٹریلوی ہائی کمشنر ٹموتھی کین نے کہا کہ ہائی کمیشن 22 اپریل کو دوبارہ کھلے گا۔


مارگلہ ہلز پر واقع تمام  پہاڑی راستے پیر سے بند رہیں گے: ضلعی انتظامیہ

وفاقی دارالحکومت کی انتظامیہ نے اسلام آباد میں ایران امریکہ مذاکرات کے دوسرے دور کے انعقاد کے تناظر میں 20 اپریل (پیر) سے مارگلہ پہاڑی پر واقع (پہاڑی راستوں) ٹریلز 2، 3، 4، اور 5 کو عوام کے لیے بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کے دفتر سے جاری ہونے والے ایک نوٹیفیکیشن کے مطابق، پانچوں ٹریلز تا حکم ثانی بند رہیں گی۔ 

نوٹیفیکیشن میں بتایا گیا کہ سید پور گاؤں سے منسلک ٹریل بھی مکمل طور پر بند ہو گی۔ 


تاحال پاکستان وفد بھیجنے کا فیصلہ نہیں ہوا: ایرانی میڈیا

ایران کی  خبر رساں ایجنسی تسنیم نے اتوار کو رپورٹ کیا ہے کہ ایران نے اس وقت تک پاکستان  میں مذاکراتی وفد بھیجنے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا، جب تک ’بحری ناکہ بندی‘ برقرار ہے۔

رپورٹ کے مطابق اس مرحلے پر تہران کی جانب سے مذاکراتی ٹیم بھیجنے کی کوئی حتمی منظوری نہیں دی گئی، کیونکہ ایران کا مؤقف ہے کہ موجودہ سکیورٹی اور بحری ناکہ بندی کی صورتحال میں بات چیت آگے نہیں بڑھ سکتی۔ (روئٹرز)


جے ڈی وینس کے پاکستان آنے سے متعلق متضاد اطلاعات

امریکی نائب صڈر جے ڈی وینس کے ایرانی کے ساتھ مذاکرات کے لیے پاکستان آنے سے متعلق مختلف اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔

اے ایف پی کے مطابق، امریکی صدر ٹرمپ نے سکیورٹی خدشات کا حوالہ دیتے ہوئے اتوار کو اے بی سی نیوز کو بتایا کہ نائب صدر جے ڈی وینس پاکستان میں ایران کے ساتھ نئے مذاکرات کے لیے امریکی وفد کی قیادت نہیں کریں گے۔

اے بی سی نیوز کے واشنگٹن میں بیرو چیف جوناتھن کارل نے ایکس پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ ’صدر ٹرمپ نے مجھے بتایا کہ وینس اسلام آباد نہیں جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ سکیورٹی کا ہے۔ سیکرٹ سروس 24 گھنٹے کے نوٹس پر ایسا نہیں کر سکی۔‘

دوسری طرف روئٹرز نے وائٹ ہاؤس کے حکام کو حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا کہ اسلام آباد امن مذاکرات کے دوسرے دور میں امریکی نمائندگی نائب صدر جے ڈی وینس، سٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر کریں گے۔

اس سے قبل اقوام متحدہ میں امریکی ایلچی، مائیک والٹز اور توانائی کے سیکرٹری کرس رائٹ دونوں نے اشارہ دیا تھا کہ جے ڈی وینس پیر سے اسلام آباد میں مذاکرات کے دور کی قیادت کریں گے۔

صدر ٹرمپ نے جے ڈی وینس کی پاکستان نہ جانے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ ’یہ صرف سکیورٹی کی وجہ سے ہے۔‘ (اے ایف پی)


پاکستان اور ایران کے وزرائے خارجہ کا رابطوں، مذاکرات پر زور

پاکستان کے وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اتوار کو ایرانی ہم منصب عباس عراقی سے ٹیلی فون پر بات چیت میں موجودہ مسائل کے حل کے لیے مسلسل رابطوں اور مذاکرات کی اہمیت پر زور دیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اسحاق ڈار نے موجودہ مسائل کے جلد حل اور خطے سمیت دنیا میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے مسلسل مکالمے اور روابط کی ضرورت پر زور دیا۔

بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا جبکہ آج ہی ایران کے صدر اور پاکستان کے وزیر اعظم کے درمیان بھی ٹیلی فونک رابطے پر اتفاق ہوا۔


امریکی نمائندے ایران سے مذاکرات کے لیے کل شام اسلام آباد میں ہوں گے: ٹرمپ

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اتوار کو ٹروتھ سوشل پر پوسٹ میں کہا کہ امریکی نمائندے ایران کے ساتھ مذاکرات کے لیے کل شام اسلام آباد میں ہوں گے۔

صدر ٹرمپ نے اتوار کو ہی نیویارک پوسٹ سے گفتگو میں کہا کہ ان کے مشرق وسطیٰ کے خصوصی ایلچی سٹیو وٹکوف ایران جنگ کے خاتمے کے لیے مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کی غرض سے اسی ہفتے جا رہے ہیں۔

ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس سے فون کال کے دوران دی پوسٹ کو بتایا: سٹیو کل (پیر کی) رات وہاں (اسلام آباد) پہنچ رہے ہیں تاکہ دوسرے مرحلے کے امن مذاکرات سے قبل تیاری کر سکیں۔

انہوں نے کہا: ’میرا خیال ہے کہ شاید میں کچھ بعد کی تاریخ پر آؤں گا، ہمیں دیکھنا ہوگا کہ کل کیا ہوتا ہے۔‘

جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ خود پاکستان جا سکتے ہیں، تو ٹرمپ نے واضح کیا کہ وہ مذاکراتی عمل سے آگے نہیں بڑھیں گے اور کہا کہ وہ ’شاید بعد میں آئیں گے۔‘

ٹرمپ نے لکھا، ’ہم بہت منصفانہ اور مناسب معاہدے کی پیشکش کر رہے ہیں، اور مجھے امید ہے کہ وہ اسے قبول کر لیں گے کیوں کہ اگر وہ ایسا نہیں کرتے، تو امریکہ ایران کا ہر ایک پاور پلانٹ اور ہر ایک پل تباہ کر دے گا۔‘

امریکی صدر نے مزید لکھا کہ ایران نے حال ہی میں اعلان کیا کہ وہ آبنائے بند کر رہے ہیں، جو عجیب بات ہے، کیوں کہ ہماری ناکہ بندی نے اسے پہلے ہی بند کر دیا ہے۔ وہ جانے بغیر ہماری مدد کر رہے ہیں، اور اس بند راستے سے نقصان اٹھانے والے بھی وہی ہیں، روزانہ 50 کروڑ ڈالر۔


ٹرمپ ایران کو اس کے جوہری حقوق سے محروم نہیں کر سکتے: ایرانی صدر

ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پاس ایران کو اس کے ایٹمی حقوق سے محروم کرنے کا کوئی جواز نہیں ہے۔

واشنگٹن اور تہران کے درمیان ایٹمی امور پر اختلافات تاحال برقرار ہیں۔

ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ ’ٹرمپ کہتے ہیں ہے کہ ایران اپنے ایٹمی حقوق استعمال نہیں کر سکتا لیکن وہ یہ نہیں بتاتے کہ کس جرم میں؟ وہ کسی قوم کو اس کے حقوق سے محروم کرنے والے کون ہوتے ہیں؟‘


مشہد ایئر پورٹ سے بین الاقوامی فلائٹس پیر سے شروع ہوں گی: ایرانی ہوا بازی اتھارٹی 

ایران کی شہری ہوابازی اتھارٹی نے اتوار کو کہا کہ ملک کے شمال مشرق میں مشہد ہوائی اڈے سے بین الاقوامی پروازیں پیر سے دوبارہ شروع کرے گا۔

سرکاری ٹی وی نے سول ایوی ایشن آرگنائزیشن کے حوالے سے بتایا، ’مشہد ہوائی اڈے پر بین الاقوامی مسافر پروازوں کو چلانے کی اجازت کل سے جاری کر دی گئی ہے۔‘

سرکاری خبر رساں ایجنسی ارنا کے مطابق اتھارٹی نے بعد میں کہا کہ مسافر اب ’مشہد ہوائی اڈے سے آنے اور جانے والے بین الاقوامی راستوں کے ٹکٹ خرید سکتے ہیں۔‘

ایرانی ہوائی اڈے 28 فروری کو اسرائیل اور امریکہ کے ساتھ جنگ ​​شروع ہونے کے بعد سے بند ہیں۔


ایران اور امریکہ مذاکرات جاری رکھنا چاہتے ہیں: ترک وزیر خارجہ

ترکی کے وزیر خارجہ ہاکان فیدان نے اتوار کو کہا ہے کہ ایران اور امریکہ دونوں جنگ ختم کرنے کے لیے بات چیت جاری رکھنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

جنوبی صوبے انطالیہ میں ایک سفارتی فورم کے دوران صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے فیدان نے کہا کہ اگرچہ واشنگٹن اور ایران کے درمیان بات چیت بڑی حد تک مکمل ہو چکی ہے، لیکن اب بھی کئی معاملات پر اختلافات موجود ہیں۔

فدان نے یہ بھی کہا کہ اگلے ہفتے ختم ہونے والی جنگ بندی میں توسیع کی جانی چاہیے۔


راولپنڈی اسلام آباد کی تین یونیورسٹیوں کی کلاسز آن لائن

راولپنڈی اسلام آباد کی تین یونیورسٹیاں بند کر کے کلاسیں آن لائن کر دی گئی ہیں۔

کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد کی انتظامیہ کی طرف سے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق پیر 20 اپریل سے تا حکم ثانی کلاسز آن لائن ہوں گی۔

اس طرح وفاقی دارالحکومت میں بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اور راولپنڈی میں پیر مہر علی شاہ بارانی زرعی یونیورسٹی کی کلاسز بھی مزید احکامات تک آن لائن ہوں گی۔


دارالحکومت میں ممکنہ مذاکرات کے پیش نظر شاہراہوں کی بندش اور ٹریفک پلان بھی ترتیب دے دیا گیا ہے۔

اسلام آباد پولیس کے مطابق ایکسپریس وے (کورال تا زیرو پوائنٹ) اور سری نگر ہائی وے سمیت اہم شاہراہوں پر کنٹرولڈ رسائی نافذ ہے اور وقفے وقفے سے ٹریفک روکی جا رہی ہے۔

متعدد سیکٹر لنک روڈز (ایف-6، ایف-7، جی-6، جی-5) اور اہم راستے (فیصل ایونیو، پارک روڈ، کلب روڈ) بھی متاثر ہیں۔

اسلام آباد پولیس کی جانب سے جاری ہدایات کے مطابق ریڈ زون اور اس سے متعلقہ تمام روٹس مکمل طور پر بند رہیں گے۔

شاہراہِ دستور پر جانے والی ٹریفک کو سروس روڈ یا متبادل روٹس استعمال کرنے کی ہدایت ہے۔

راولپنڈی سے اسلام آباد آنے والے شہری فیض آباد انٹر چینج، مری روڈ یا راول روڈ کو بطور متبادل استعمال کریں۔


امریکہ ایران ممکنہ مذاکرات: اسلام آباد میں پبلک ٹرانسپورٹ اور بڑے ہوٹلز میں بکنگ بند

امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات کے ممکنہ دوسرے دور کے پیش نظر اسلام آباد اور راولپنڈی میں نجی اور سرکاری ٹرانسپورٹ کو تاحکم ثانی بند کرنے کا حکم جاری کیا گیا ہے۔

اسلام آباد کے ڈی سی عرفان نواز میمن نے ایکس پر ایک بیان جاری کیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ ’دارالحکومت میں ہیوی اور پبلک ٹرانسپورٹ کو تاحکم ثانی معطل کیا جا رہا ہے۔

ساتھ ہی بیان میں شہریوں سے سیکورٹی اداروں کے ساتھ تعاون کرنے کی اپیل بھی کی گئی ہے۔

دوسری جانب ڈی سی راولپنڈی کی جانب سے بھی ایک بیان جاری کیا گیا ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ ’راولپنڈی میں ہر قسم کی پرائیویٹ، پبلک اور گڈز ٹرانسپورٹ تا حکمِ ثانی معطل رہے گی۔‘

ادھر اسلام آباد میں سرینا ہوٹل نے بتایا کہ جمعرات تک بکنگز نہیں کی جا رہیں جبکہ میریٹ ہوٹل کا کہنا ہے کہ وہ بھی مزید بکنگز نہیں کر رہے۔

امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور ممکنہ طور پر اسلام آباد میں ہونے جا رہا ہے تاہم اس حوالے سے تاحال حتمی تاریخوں کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ دارالحکومت اسلام آباد کے دو بڑے ہوٹلز سرینا اور میریٹ میں بکنگز بند کر دی گئی ہیں۔

بکنگز کے حوالے سے صارفین کو بتایا گیا ہے کہ آج یعنی 19 اپریل سے جمعرات تک بکنگز بند رہیں گی جبکہ موجودہ رہائیشیوں کو بھی ہوٹل خالی کرنے کا کہا گیا ہے۔


امریکہ سے مذاکرات میں پیش رفت، لیکن معاہدے سے کافی دور ہیں: ایران

ایرانی پارلیمنٹ کے سپیکر اور امریکہ سے مذاکرات کرنے والی ٹیم کے رکن محمد باقر قالیباف نے ہفتے کی رات کہا کہ جنگ کے خاتمے کے لیے امریکہ کے ساتھ مذاکرات میں پیش رفت ہوئی ہے، لیکن دونوں فریق ابھی کسی معاہدے سے کافی دور ہیں۔

قالیباف نے قومی ٹیلی وژن پر خطاب میں کہا ’ہم ابھی حتمی مذاکرات سے بہت دور ہیں۔ ہم نے مذاکرات میں پیش رفت کی ہے، لیکن اب بھی بہت سے خلا موجود ہیں اور کچھ بنیادی نکات حل طلب ہیں۔‘

انہوں نے دعویٰ کیا کہ امریکہ نے مذاکرات کے دوران ’چالاکی‘ سے جنگ کا آغاز کیا اور اسے ’تیسری مسلط کردہ جنگ‘ قرار دیا۔ 

ان کے مطابق پچھلی جنگ کے برعکس اس بار ایران کا ردعمل فوری تھا۔

قالیباف نے کہا عوامی شرکت نے اہم کردار ادا کیا اور ’میدان اور سڑک‘ دونوں میں ایران کو برتری حاصل رہی۔ 

ان کے مطابق ایران نے فوجی لحاظ سے پیش رفت کی، ڈرون مار گرائے اور جدید طیاروں (جیسے ایف-35) کو نشانہ بنایا، تاہم انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایران مجموعی طاقت میں امریکہ سے زیادہ مضبوط نہیں۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ اپنے مقاصد حاصل نہ کر سکا، اسی لیے ڈونلڈ ٹرمپ نے جنگ بندی کی درخواست کی۔ 

ان کے مطابق دشمن ایران کو چند دنوں میں شکست دینا چاہتا تھا لیکن ایسا نہ ہو سکا۔

قالیباف نے کہا کہ امریکہ نے 15 نکاتی منصوبہ پاکستان کے ذریعے بھیجا، جس پر ایران کی اعلیٰ سلامتی کونسل میں غور کیا گیا۔ 

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انہوں نے بتایا کہ ایران نے واضح کیا کہ اگر امریکہ انفراسٹرکچر کو نشانہ بنائے گا تو ایران بھی جواب دے گا۔

انہوں نے زور دیا کہ جنگ بندی میں لبنان اور حزب اللہ کو شامل کرنا ایران کی شرط تھی۔ 

قالیباف کے مطابق ایران آبنائے ہرمز پر کنٹرول رکھتا ہے اور اگر امریکہ نے ’محاصرہ‘ جاری رکھا تو آمدورفت محدود کی جا سکتی ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ ایران مذاکرات کے لیے تیار ہے مگر امریکہ پر اعتماد نہیں کرتا اور مذاکرات کو ’جدوجہد کا ایک طریقہ‘ قرار دیا۔ 

ان کے مطابق ایران بیک وقت سفارت کاری، فوجی طاقت اور عوامی حمایت تینوں محاذوں پر کام کر رہا ہے۔

قالیباف نے کہا کہ ایران مستقل امن چاہتا ہے تاکہ ’جنگ اور جنگ بندی کے چکر‘ کو ختم کیا جا سکے، لیکن اس کے لیے ضمانت ضروری ہے۔


مشرق وسطی تنازعے کے باعث بنگلہ دیش میں تیل 15 فیصد تک مہنگا

بنگلہ دیش نے عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں تیزی سے اضافے اور مشرق وسطیٰ میں جاری تنازعے کے باعث سپلائی میں کمی پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 10 سے 15 فیصد تک اضافہ کر دیا۔

وزارت توانائی کے مطابق پیٹرول 116 ٹکا فی لیٹر سے بڑھا کر 135 ٹکا (1.10 ڈالر) کر دیا گیا ہے جبکہ ڈیزل 115 ٹکا اور مٹی کا تیل 130 ٹکا فی لیٹر مقرر کیا گیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ حالیہ ہفتوں میں خام تیل کی بڑھتی قیمتیں، سپلائی چین میں رکاوٹیں اور فریٹ و انشورنس اخراجات میں اضافے کے باعث درآمدی لاگت میں نمایاں اضافہ ہوا۔ روئٹرز


 ایرانی بندر گاہوں کی ناکہ بندی، تجارت ’مکمل مفلوج‘: امریکہ

امریکی سینٹرل کمانڈ نے کہا ہے کہ ایرانی بندر گاہوں کی ناکہ بندی سے آنے اور جانے والی تجارت ’مکمل طور پر مفلوج‘ ہو گئی ہے۔

سینٹرل کمانڈ نے ایکس پر ایک بیان میں کہا گائیڈڈ میزائل ڈسٹرائر یو ایس ایس پِنکنی (DDG 91) اس ناکہ بندی کے تحت علاقائی پانیوں میں گشت کر رہا ہے۔ 

بیان کے مطابق ’ناکہ بندی نے ایران کے سمندر کے راستے آنے اور جانے والی اقتصادی تجارت کو مکمل طور پر روک دیا ہے۔‘





Source link

By uttu

Related Post

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *