Sun. May 10th, 2026

امریکی پابندیوں پر عمل کرنے والے ممالک کو آبنائے ہرمزمیں مشکلات ہوں گی ، ایران کی وارننگ – Siasat Daily

Amrici Pabandiyon Per Amal Karne


تہران : 10 مئی ( یو این آئی ) ایران نے خبردار کیا ہے کہ جو ممالک تہران کے خلاف امریکی پابندیوں پر عمل درآمد کریں گے انہیں آبنائے ہرمز سے گزرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ایرانی خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق ایرانی فوج کے ترجمان اکرمی نیا نے اپنے بیان میں کہا کہ ایران کے خلاف امریکی پابندیوں کو نافذ کرنے والے ممالک یقینی طور پر آبنائے ہرمز میں مشکلات سے دوچار ہوں گے۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ حالیہ جنگ کے دوران دشمن اپنے کسی بھی مقصد میں کامیاب نہیں ہوسکا اور ایران کے سیاسی نظام کا توازن بھی متاثر نہیں ہوا۔ان کے مطابق جنگ کے نتیجے میں ایران کے اندر اتحاد اور یکجہتی مزید مضبوط ہوئی، جس کا مظاہرہ عوام کی بڑی تعداد میں سڑکوں پر موجودگی سے دیکھا جا سکتا ہے۔اکرمی نیا کا کہنا تھا کہ مخالف قوتیں ایران کی مزاحمت کو توڑنے میں ناکام رہیں اور بالآخر انہیں جنگ بندی قبول کرنا پڑی۔انہوں نے مزید کہا کہ جنگ بندی کے دوران ایران نے اپنی عسکری صلاحیتوں کو مزید بہتر بنایا، نئے اہداف کی فہرست تیار کی اور دفاعی و جارحانہ پوزیشنز کو اپ ڈیٹ کیا ہے۔ایرانی فوجی ترجمان کے اس بیان کو خطے میں جاری کشیدگی اور آبنائے ہرمز کے گرد بڑھتی ہوئی حساس صورتحال کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے۔عالمی توانائی سپلائی کا بڑا حصہ اسی اہم بحری راستے سے گزرتا ہے، اس لیے ایران کی جانب سے دی گئی کسی بھی وارننگ پر عالمی منڈیاں اور مغربی ممالک گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔واضح رہے کہ امریکہ اور ایران کے درمیان حالیہ جنگ بندی کے باوجود خطے میں تناؤ برقرار ہے، جبکہ آبنائے ہرمز میں بحری نقل و حرکت اور تیل کی ترسیل عالمی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔

ایران نے جنگ کے خاتمہ کی امریکی تجویز پر جواب پاکستان کے ذریعہ بھیج دیا
تہران۔10؍مئی ( ایجنسیز)ایران نے جنگ کے خاتمہ کی امریکی تجویز پر اپنا جواب پاکستان کے ذریعہ بھیج دیا۔ایرانی سرکاری میڈیا کا کہنا ہے کہ جنگ کے خاتمے سے متعلق امریکی تجویز پر اپنا جواب پاکستان کو بھجوا دیا ہے جو اس تنازعہ میں ثالثی کا کردار ادا کر رہا ہے۔مجوزہ منصوبے کے مطابق اس مرحلے پر مذاکرات جنگ کے خاتمے پر مرکوز ہوں گے۔رپورٹس کے مطابق ایران اس سے قبل بھی جنگ کے مستقل خاتمے، پابندیوں کے خاتمے اور آبنائے ہرمز سے متعلق نکات پر مشتمل تجاویز پاکستان کے ذریعے امریکہ کو بھجوا چکا ہے۔دوسری جانب امریکی حکام کا کہنا ہے کہ وہ ایران کے باضابطہ جواب کے منتظر ہیں جبکہ خطہ میں کشیدگی کم کرنے کیلئے سفارتی رابطے جاری ہیں۔H/A

مذاکرات کا مطلب ہتھیار ڈالنا یا پیچھے ہٹنا نہیں: ایرانی صدر
تہران ۔ 10؍مئی ( ایجنسیز )ایرانی صدر مسعود پزشکیان کا کہنا ہے کہ ہم دشمن کے سامنے کبھی سر نہیں جھکائیں گے، بات چیت یا مذاکرات کرنے کا مطلب ہتھیار ڈالنا یا پیچھے ہٹنا نہیں۔تہران میں ایران کے خلاف امریکی اور اسرائیلی حملوں سے ہونے والے نقصانات کی بحالی سے متعلق ٹاسک فورس کا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس کے دوران ایرانی صدر نے کہا کہ ایرانی قوم کبھی بھی دشمنوں کے سامنے جھکے گی نہیں، مذاکرات یا بات چیت کی کوئی بھی کوشش ہرگز ہتھیار ڈالنے یا پسپائی کے مترادف نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے اقدامات کا مقصد ایرانی عوام کے حقوق کی بحالی اور قومی مفادات کا بھرپور تحفظ ہے۔انہوں نے کہا کہ متاثرہ خاندانوں کو ذہنی سکون اور نفسیاتی تحفظ فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، جبکہ تمام سرکاری ادارے عوامی خدمت کے عمل کو مکمل ہم آہنگی، رفتار اور اتحاد کے ساتھ آگے بڑھانے کے پابند ہیں۔ایرانی صدر نے مزید کہا کہ امریکی اور اسرائیلی جنگ کے باعث ہونے والی وسیع تباہی کے پیشِ نظر ملک کو اب بھی عوامی شمولیت، قومی یکجہتی اور سماجی اداروں کے تعاون کی ضرورت ہے۔انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ مشکل حالات سے کامیابی سے نکلنے کے لیے معاشرے کے تمام طبقات کو مل کر کام کرنا ہوگا۔
`



Source link

By uttu

Related Post

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *