|
امریکہ کا پاکستان اور دیگر ممالک کی درخواست پر ’پارجیکٹ فریڈم‘ معطل کرنے کا اعلان آبنائے ہرمز میں ایران امریکہ میں کشیدگی جاری پاکستان کا سیزفائر کا احترام کرنے پر زور لائیو اپ ڈیٹس |
ایران اور امریکہ مفاہمت کی یادداشت کو حتمی شکل دینے کے قریب: رپورٹ
امن کوششوں میں شامل ایک پاکستانی ذریعے نے امریکی نیوز ویب سائٹ ایکسیوس کی رپورٹ کی تصدیق کرتے ہوئے بدھ کو روئٹرز کو بتایا ہے کہ امریکہ اور ایران اپنی جنگ ختم کرنے کے لیے ایک صفحے کی یادداشت کو حتمی شکل دینے کے قریب ہیں۔
ذریعے نے کہا کہ ’ہم اسے بہت جلد طے کر لیں گے۔ ہم قریب پہنچ رہے ہیں۔‘
پاکستانی ذریعے کی جانب سے یہ بتائے جانے کے بعد کہ امریکہ اور ایران ایک ابتدائی امن معاہدے کے قریب پہنچنے والے ہیں، بدھ کو تیل کی قیمتوں میں کمی کا سلسلہ جاری رہا اور یہ دو ہفتوں کی کم ترین سطح پر آ گئی ہیں۔
1042 جی ایم ٹی تک برینٹ کروڈ فیوچرز 10.07 ڈالر یا 9.2 فیصد کی کمی کے ساتھ 99.80 ڈالر فی بیرل پر آ گئے، جو 22 اپریل کے بعد پہلی بار 100 ڈالر سے نیچے آئے ہیں۔
دوسری جانب امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ 10.79 ڈالر یا 10.6 فیصد کی کمی کے ساتھ 91.48 ڈالر پر آ گیا۔
امید ہے آبنائے ہرمز سے متعلق فریقین عالمی برادری کی اپیلوں کو جلد سنیں گے: چین
چین کا کہنا ہے کہ امریکہ اور ایران کے درمیان مکمل اور فوری جنگ بندی انتہائی ضروری ہے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ملاقات میں چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے مذاکرات جاری رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔
چینی وزارت خارجہ کے مطابق وانگ ژی کا کہنا ہے کہ چین ایران کا قابلِ اعتماد سٹریٹجک شراکت دار ہے۔
آبنائے ہرمز کے معاملے پر چینی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ ’امید ہے فریقین آبنائے ہرمز سے محفوظ گزرگاہ کے لیے عالمی برادری کی اپیلوں کو جلد سنیں گے۔‘
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق چین نے امریکہ اور ایران سے آبنائے ہرمز جلد از جلد کھولنے کی درخواست کی ہے۔
ساتھ ہی بیجنگ نے ایران کے ’جوہری توانائی کے پرامن استعمال‘ کے ’قانونی حق‘ کا بھی دفاع کیا ہے۔
امید ہے آبنائے ہرمز کھلوانے کے لیے چین ایران پر اثر و رسوخ استعمال کرے گا: امریکی وزیر خارجہ
امریکہ کے وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ ’مجھے امید ہے کہ چینی انہیں (ایران کو) وہ بات بتائیں گے جو انہیں سننی چاہیے، اور وہ یہ ہے کہ آبنائے ہرمز میں آپ کے اقدامات آپ کو عالمی سطح پر تنہا کر رہے ہیں۔ اس معاملے میں آپ غلط کردار ادا کر رہے ہیں۔‘
روبیو نے منگل کو وائٹ ہاؤس بریفنگ میں کہا کہ ایران کی جانب سے دو ماہ سے جاری جنگ کے دوران آبنائے ہرمز کو مؤثر طور پر بند کرنے سے امریکہ کے مقابلے میں چین زیادہ متاثر ہوا ہے۔
خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق بیجنگ کی برآمدات پر مبنی معیشت اس راستے سے گزرنے والی ترسیلات پر انحصار کرتی ہے۔ چین اپنی تقریباً نصف خام تیل اور لگ بھگ ایک تہائی مائع قدرتی گیس مشرقِ وسطیٰ سے درآمد کرتا ہے۔
روبیو نے کہا کہ ’یہ چین کے مفاد میں ہے کہ ایران آبنائے کو بند کرنا بند کرے۔‘
اس معاملے سے واقف ایک سفارت کار نے منگل کو ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا کہ امریکہ چین کو قائل کرنے کی سنجیدہ کوششیں کر رہا ہے کہ وہ اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل میں امریکہ کی حمایت یافتہ حالیہ قرارداد پر ویٹو نہ کرے۔ اس قرارداد کا مقصد آبنائے کو کھلوانا اور ایران کے اقدامات کی مذمت کرنا ہے۔ سفارت کار نے حساس نوعیت کی بات چیت کے باعث نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر گفتگو کی۔
ایرانی وزیر خارجہ کی بیجنگ میں چینی ہم منصب سے ملاقات
چین کے سرکاری خبر رساں ادارے ژن ہوا کے مطابق وزیر خارجہ وانگ ژی نے بدھ کو بیجنگ میں اپنے ایرانی ہم منصب عباس عراقچی سے ملاقات کی ہے تاہم اس کی مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئی ہیں۔
یہ پہلا موقع تھا کہ عباس عراقچی ایران جنگ کے آغاز کے بعد چین گئے ہیں۔
خبر رساں ادارے ’اے پی‘ کے مطابق امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے امید ظاہر کی کہ عراقچی کے دورہ بیجنگ کے دوران چین، تہران کو آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی ختم کرنے کی ضرورت پر زور دے گا۔
امریکہ کا پاکستان اور دیگر ممالک کی درخواست پر ’پارجیکٹ فریڈم‘ معطل کرنے کا اعلان
امریکہ نے پاکستان اور دیگر ممالک کی درخواست پر ایران کے خلاف ’پروجیکٹ فریڈم‘ کو مختصر مدت کے لیے معطل کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بدھ کو اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر ایک بیان میں کہا کہ ایران کے نمائندوں کے ساتھ ایک ’مکمل اور حتمی معاہدے کی جانب عظیم پیش رفت‘ ہوئی ہے۔
امریکی صدر نے ابتدا میں آبنائے ہرمز میں ایرانی بندرگاہوں کی ناکہ بندی کا اعلان کیا تھا اور چند روز قبل بحری جہازوں کو وہاں سے نکالنے کے لیے ’پروجیکٹ فریڈم‘ شروع کرنے کا کہا تھا جسے بعد میں ایرانی حکام نے ’پرواجیکٹ ڈیڈلاک‘ قرار دیا۔
“We have mutually agreed that, while the Blockade will remain in full force and effect, Project Freedom (The Movement of Ships through the Strait of Hormuz) will be paused for a short period of time to see whether or not the Agreement can be finalized and signed…” – President… pic.twitter.com/R9SlC4w68g
— The White House (@WhiteHouse) May 5, 2026
ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ’پاکستان اور دیگر ممالک کی درخواست پر پروجیکٹ فریڈم (آبنائے ہرمز کے ذریعے جہازوں کی آمدورفت) کو مختصر مدت کے لیے معطل کیا جا رہا ہے۔‘
تاہم انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس دوران آبنائے ہرمز میں ایرانی بندرگاہوں کی ناکہ بندی برقرار رہے گی۔
صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ ’ہم نے باہمی طور پر اتفاق کیا ہے کہ جبکہ ناکہ بندی پوری طاقت اور مؤثر انداز میں برقرار رہے گی، پروجیکٹ فریڈم (آبنائے ہرمز کے ذریعے جہازوں کی آمدورفت) کو مختصر مدت کے لیے روک دیا جائے گا تاکہ دیکھا جا سکے کہ آیا معاہدے کو حتمی شکل دے کر دستخط کیے جا سکتے ہیں یا نہیں۔‘
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس بیان کے بعد بدھ کو برینٹ خام تیل کی قیمت 1.7 فیصد کم ہو کر 108 ڈالر فی بیرل تک آ گئی جبکہ امریکہ میں فروخت ہونے والا تیل 1.6 فیصد کمی بعد 100.60 ڈالر فی بیرل پر آ گیا۔
