|
امریکہ اور ایران کے درمیان دو ہفتے کا سیز فائر جاری۔ دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور اسلام آباد میں ہی ہونے کا امکان۔ لبنان اور اسرائیل بھی 10 روزہ جنگ بندی پر متفق۔ ایران کا جنگ بندی کی بقیہ مدت کے دوران آبنائے ہرمز کھلی رکھنے کے اعلان کے بعد دوبارہ اسے بند کرنے کا فیصلہ لائیو اپ ڈیٹس |
ایران سے مذاکرات جاری، آبنائے ہرمز پر ’بلیک میل نہیں ہوں گے: ٹرمپ
امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ہفتے کو ایران کو خبردار کیا کہ وہ آبنائے ہرمز کے معاملے پر اپنے بار بار بدلتے مؤقف کے ذریعے واشنگٹن کو ’بلیک میل‘ نہ کرے۔
ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں ایک تقریب کے دوران کہا: ’ہم ان (ایران) سے بات کر رہے ہیں۔ وہ دوبارہ آبنائے کو بند کرنا چاہتے تھے، جیسا کہ وہ برسوں سے کرتے آئے ہیں، لیکن وہ ہمیں بلیک میل نہیں کر سکتے۔‘
آبنائے ہرمز میں دو بحری جہازوں پر حملے
سمندری تجارت پر نظر رکھنے والے برطانوی ادارے ’یونائیٹڈ کنگڈم میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز‘ (یو کے ایم ٹی او) نے ہفتے کو بتایا کہ عمان کے شمال مشرق ساحل کے قریب آبنائے ہرمز میں ایک آئل ٹینکر پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔
ادارے کے مطابق ٹینکر کے کپتان نے اطلاع دی کہ مبینہ طور پر ایران کی پاسداران انقلاب فورس سے منسلک دو گن بوٹس نے بغیر کسی وارننگ کے ان کے ٹینکر پر فائرنگ کی۔ یہ واقعہ عمان سے تقریباً 20 ناٹیکل میل شمال مشرق میں پیش آیا۔
یو کے ایم ٹی او نے بتایا کہ فائرنگ کے باوجود جہاز اور اس کا عملہ محفوظ رہا۔
اسی سمندری علاقے میں ایک علیحدہ واقعے میں ایک کنٹینر جہاز کو نامعلوم پروجیکٹائل سے نشانہ بنایا گیا، جو عمان سے تقریباً 25 ناٹیکل میل شمال مشرق میں پیش آیا۔
ادارے کے مطابق اس حملے سے جہاز پر موجود کچھ کنٹینرز کو نقصان پہنچا، تاہم اس سے آگ لگی اور نہ ہی ماحولیاتی نقصان کی کوئی اطلاع ملی جبکہ کسی جانی نقصان کی بھی فوری اطلاع سامنے نہیں آئی۔
امریکہ سے مذاکرات کے اگلے دور کی تاریخ طے نہیں ہوئی: ایران
ایران کے نائب وزیرِ خارجہ سعید خطیب زادہ نے ہفتے کو کہا ہے کہ پاکستان کی ثالثی میں ایران اور امریکہ کے درمیان امن مذاکرات کے اگلے دور کی کوئی تاریخ تاحال مقرر نہیں کی گئی۔
ترکی میں انطالیہ فورم کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سعید خطیب زادہ نے کہا: ’جب تک ہم کسی فریم ورک پر متفق نہیں ہو جاتے، ہم تاریخ طے نہیں کر سکتے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’فی الحال ہم دونوں فریقین کے درمیان مفاہمت کے فریم ورک کو حتمی شکل دینے پر توجہ دے رہے ہیں۔ ہم کسی ایسی بات چیت یا ملاقات میں شامل نہیں ہونا چاہتے جو ناکامی کا شکار ہو اور مزید کشیدگی کا باعث بنے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ایران ایسی کسی پیش رفت سے گریز کرنا چاہتا ہے جو حالات کو مزید خراب کرنے کا جواز بن سکتی ہو۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد مذاکرات میں کچھ پیش رفت ضرور ہوئی تھی۔ انہوں نے امریکہ پر الزام عائد کیا کہ اس کے ’زیادہ سے زیادہ مطالبات‘ اور ایران کو بین الاقوامی قانون سے باہر کی کوششوں نے معاہدہ طے پانے سے روکا۔
سعید خطیب زادہ نے اس بات پر زور دیا کہ ایران کسی صورت خود کو بین الاقوامی قانون سے باہر نہیں رکھے گا اور جو بھی معاہدہ ہوگا وہ عالمی قوانین کے مطابق ہوگا۔
آبنائے ہرمز کی صورت حال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایران نے جنگ بندی کے تحت تجارتی جہازوں کی محفوظ آمد و رفت کی اجازت دی ہے تاہم انہوں نے امریکہ پر الزام لگایا کہ اس نے اس عمل کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر جنگ بندی کی شرائط کی خلاف ورزی کی گئی تو اس کے نتائج برآمد ہوں گے۔ (روئٹرز)
ایرانی بحریہ دشمن کو شکست دینے کے لیے تیار ہے: مجتبیٰ خامنہ ای
ایران کے نئے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے ہفتے کو کہا کہ ملکی بحریہ دشمن کو شکست دینے کے لیے تیار ہے۔
مجتبیٰ خامنہ ای نے اپنے ٹیلی گرام چینل پر جاری بیان میں کہا ہے کہ ایران کی بحریہ دشمنوں کو ’بدترین شکست‘ دینے کے لیے تیار ہے۔
پاکستان کے ساتھ مل کر امریکہ اور ایران کے درمیان پائیدار امن منصوبے پر کام کر رہے ہیں: مصر
مصر کے وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی نے کہا ہے کہ ان کا ملک پاکستان کے ساتھ مل کر ایک ایسے فریم ورک پر کام کر رہا ہے جس کا مقصد امریکہ اور ایران کے درمیان پائیدار امن کو یقینی بنانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مصر، ترکی، پاکستان اور سعودی عرب ایک وسیع علاقائی کوشش میں ہم آہنگی کر رہے ہیں، جس کا مقصد کشیدگی کے دوبارہ بھڑکنے کو روکنا اور جنگ کے بعد کے سکیورٹی انتظامات کی بنیاد رکھنا ہے۔
انہوں نے خلیجی ممالک کے تحفظ، توانائی کی منڈیوں، سپلائی چینز اور غذائی سلامتی کے استحکام کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ روئٹرز
ایران نے آبنائے ہرمز دوبارہ بند کر دی
ایران کے خاتم الانبیا سینٹرل ہیڈکوارٹرز کے ترجمان نے اعلان کیا ہے کہ آبنائے ہرمز سے گزرنے کا نظام دوبارہ سخت فوجی کنٹرول میں آ گیا ہے۔
ایرانی سرکاری میڈیا پریس ٹی وی کے مطابق ترجمان نے اس اقدام کی وجہ ’امریکہ کی بار بار خلاف ورزیوں اور ناکہ بندی کے نام پر سمندری ڈاکہ زنی‘ کو قرار دیا۔
سرکاری نشریاتی ادارے آئی آر آئی بی کے مطابق ترجمان نے کہا ’ایران نے معاہدوں کے تحت محدود تعداد میں جہازوں کو آبنائے ہرمز سے گزرنے کی اجازت دی تھی۔
’لیکن امریکہ نے اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کیں، لہٰذا اب آبنائے ہرمز دوبارہ بند کر دی گئی ہے اور گزرنے کے لیے ایران کی اجازت درکار ہوگی۔‘
معاہدہ نہ ہوا تو ایران پر دوبارہ حملے شروع کر دیں گے: ٹرمپ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اگر ایران کے ساتھ کوئی معاہدہ طے نہ پایا تو آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی برقرار رہے گی اور ایران پر حملے دوبارہ شروع کر دیے جائیں گے۔
تہران کی جانب سے تجارتی بحری جہازوں کے لیے آبنائے کو مکمل طور پر کھولنے کے اعلان اور امریکی ناکہ بندی کے جواب میں اسے دوبارہ بند کرنے کی دھمکی کے بعد ٹرمپ نے صحافیوں کے ساتھ بات چیت میں ایسا کہا۔
جمعے کی رات صحافی کی جانب سے یہ پوچھے جانے پر کہ اگر اگلے ہفتے ایران کے ساتھ جنگ بندی ختم ہونے تک کوئی معاہدہ نہیں ہوتا تو وہ کیا کریں گے؟
ٹرمپ نے کہا، ’مجھے نہیں معلوم۔ شاید میں اس میں توسیع نہ کروں، لیکن ناکہ بندی برقرار رہے گی۔ لیکن شاید میں اس میں توسیع نہ کروں، لہذا ناکہ بندی برقرار رہے گی اور بدقسمتی سے ہمیں دوبارہ بم گرانا شروع کرنے ہوں گے۔‘
تاہم، ٹرمپ نے واشنگٹن واپسی پر ایئر فورس ون میں اپنے ہمراہ موجود صحافیوں کو معاہدے کا حوالہ دیتے ہوئے یہ بھی بتایا کہ، ’میرا خیال ہے کہ ایسا ہو جائے گا۔‘
انہوں نے کہا کہ ایران کے حوالے سے ’کافی اچھی خبر‘ آئی ہے لیکن انہوں نے اس کی تفصیل بتانے سے گریز کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ’ہمیں 20 منٹ پہلے کچھ کافی اچھی خبر ملی تھی، لیکن ایسا لگتا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں ایران کے ساتھ معاملات بہت اچھے جا رہے ہیں۔‘ (اے پی)
ایران نے فضائی حدود جزوی طور پر کھول دیں
ایران کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بتایا ہے کہ ملک کے مشرقی حصے سے گزرنے والی بین الاقوامی پروازوں کے لیے ایرانی فضائی حدود جزوی طور پر دوبارہ کھول دی گئی ہیں۔
اتھارٹی کا کہنا تھا کہ ’ملک کی فضائی حدود کے مشرقی حصے میں فضائی راستے ایران سے گزرنے والی بین الاقوامی پروازوں کے لیے کھول دیے گئے ہیں۔‘ اور مزید بتایا کہ صبح سات بجے (0330 جی ایم ٹی) کچھ ہوائی اڈے بھی دوبارہ کھل گئے ہیں۔
تاہم، تین گھنٹے سے زیادہ وقت گزرنے کے بعد بھی، فلائٹ ٹریکر ویب سائٹس پر کوئی بین الاقوامی پرواز ایران سے گزرتی دکھائی نہیں دی، اور کئی پروازیں طویل راستہ اختیار کر کے اس کی فضائی حدود سے بچ رہی تھیں۔ (اے ایف پی)
ایران نے ہرمز دوبارہ بند کرنے کی دھمکی دے دی
لبنان میں جنگ بندی کے معاہدے کے نتیجے میں اہم آبی گزرگاہ آبنائے ہرمز کھولے جانے کے چند گھنٹے بعد تہران نے ہفتے کو دھمکی دی ہے کہ اگر امریکہ نے ایرانی بندرگاہوں کی ناکہ بندی جاری رکھی تو وہ آبنائے ہرمز کو بار پھر بند کر دے گا۔
آبی راستے کی بحالی سے جمعے کو سٹاک مارکیٹس میں تیزی آئی اور واشنگٹن کی جانب سے امید پیدا ہوئی تھی۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اے ایف پی کو بتایا کہ امن معاہدہ ’بہت قریب‘ ہے اور یہ کہ ایران اپنا افزودہ یورینیم امریکہ کے حوالے کرنے پر رضامند ہو گیا ہے جو مذاکرات میں ایک اہم رکاوٹ تھی۔
ٹرمپ نے فینکس، ایریزونا میں قدامت پسند ٹرننگ پوائنٹ یو ایس اے تحریک کے ایک اجتماع کو بتایا ’ہم بہت سی کھدائی کرنے والی مشینوں کے ساتھ ایران جا کر اسے حاصل کرنے والے ہیں۔‘
تاہم ایران نے اس دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اس کے افزودہ یورینیم کا ذخیرہ کہیں نہیں جا رہا۔
ایران نے یہ بھی خبردار کیا کہ اگر امریکی جنگی بحری جہازوں نے ایرانی بندرگاہوں سے جانے والے بحری جہازوں کو روکا تو آبنائے ہرمز کو دوبارہ بند کیا جا سکتا ہے۔
پارلیمانی سپیکر محمد باقر قالیباف نے ایکس پر لکھا ’ناکہ بندی جاری رہنے کی صورت میں آبنائے ہرمز کھلا نہیں رہے گی۔‘
انہوں نے مزید کہا اس آبی گزرگاہ سے گزرنے کے لیے ایران سے اجازت درکار ہو گی۔
۱- رئیس جمهور آمریکا در یک ساعت هفت ادعا مطرح کرد که هر هفت ادعا کذب است.
۲- با این دروغگوییها در جنگ پیروز نشدند و حتما در مذاکره هم راه به جایی نخواهند برد.
۳- با ادامهٔ محاصره، تنگهٔ هرمز باز نخواهد ماند.— محمدباقر قالیباف | MB Ghalibaf (@mb_ghalibaf) April 17, 2026
ان کا کہنا تھا کہ امریکی صدر نے ایک گھنٹے میں سات دعوے کیے، جو سارے جھوٹے تھے۔
انہوں نے کہا ان جھوٹوں سے جنگ نہیں جیتی اور یقینی طور پر مذاکرات میں بھی انہیں کچھ حاصل نہیں ہو گا۔ ناکہ بندی جاری رہنے کی صورت میں آبنائے ہرمز کھلا نہیں رہے گا۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ’آبنائے ہرمز کا کھلنا اور بند ہونا انٹرنیٹ پر نہیں ہوتا، اس کا فیصلہ میدان میں کیا جاتا ہے اور ہماری مسلح افواج یقینی طور پر جانتی ہیں کہ دوسرے فریق کی کسی بھی کارروائی کے جواب میں کیسا برتاؤ کرنا ہے۔‘
’جسے وہ بحری ناکہ بندی کہتے ہیں ایران کی جانب سے یقینی طور پر اس کا مناسب جواب دیا جائے گا۔ بحری ناکہ بندی جنگ بندی کی خلاف ورزی ہے اور ایران یقینی طور پر ضروری اقدامات کرے گا۔‘ (اے ایف پی)
چینی صدر آبنائے ہرمز کھلنے سے خوش: امریکی صدر
ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹروتھ سوشل پر پوسٹ کیا ہے کہ ان کے چینی ہم منصب شی جن پنگ ’بہت خوش ہیں کہ آبنائے ہرمز کھل گیا ہے یا تیزی سے دوبارہ کھل رہا ہے۔‘
ٹرمپ نے اپنے آئندہ چین کے دورے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ شی جن پنگ سے ان کی ملاقات ’خصوصی اور ممکنہ طور پر تاریخی‘ ہو گی۔
انہوں نے مزید کہا ’میں صدر شی کے ساتھ ملاقات کا منتظر ہوں — بہت کچھ حاصل کیا جائے گا!‘
