
(24 ںیوز ) بنگلہ دیش سے آئے سینئر سرکاری افسران کے وفد نے پنجاب انڈسٹریل اسٹیٹس ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی (پیڈمک) کا دورہ کیا، جہاں دونوں ممالک نے علاقائی اور ادارہ جاتی تعاون کے فروغ اور پائیدار اقتصادی ترقی کے عزم کا اعادہ کیا۔
دورے کے موقع پر سیکرٹری انڈسٹریز اینڈ کامرس عمر مسعود، چیئرمین جاوید اقبال اور سی ای او کیپٹن (ر) شعیب علی نے معزز مہمانوں کا استقبال کیا۔ اس موقع پر خطے میں بڑھتے ہوئے معاشی اور انتظامی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ادارہ جاتی تعاون کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ وفد میں بنگلہ دیش کے مختلف سرکاری اداروں سے تعلق رکھنے والے سینئر افسران اور پالیسی ماہرین شامل تھے۔
دورے کے دوران وفد کو پنجاب میں جدید انفراسٹرکچر کی ترقی، سرمایہ کاری کے فروغ، خصوصی اقتصادی زونز اور پائیدار صنعتی اسٹیٹس مینجمنٹ کے ذریعے صنعتی ترقی میں پیڈمک کے کردار پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
چیئرمین پیڈمک نے کہا کہ اس طرح کے تبادلے تجربات کے اشتراک اور پبلک سیکٹر میں جدید طریقہ کار اپنانے کے لیے مؤثر پلیٹ فارم فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیڈمک بین الاقوامی شراکت داریوں اور علمی تبادلے کے اقدامات کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے تاکہ جامع ترقی، علاقائی روابط اور معاشی خوشحالی کو یقینی بنایا جا سکے۔
بنگلہ دیشی وفد نے پاکستان کے صنعتی نظام کی بہتری میں پیڈمک کے کردار کو سراہا اور صنعتی انفراسٹرکچر، سرمایہ کاروں کی سہولت اور اقتصادی زونز کی ترقی سے متعلق اقدامات میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
دورے کے دوران انٹرایکٹو سیشنز اور پریزنٹیشنز بھی منعقد کی گئیں جن میں صنعتی پالیسی فریم ورک، پبلک سیکٹر میں جدت، اقتصادی منصوبہ بندی اور پاکستان و بنگلہ دیش کے درمیان مستقبل کے ادارہ جاتی تعاون کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں :نئی پالیسی ! سولر سسٹم لگوانے والوں پر کڑی شرط عائد، صارفین پریشان
