Tue. Apr 28th, 2026

جہاز ’اونر 25‘ کے پاکستانی عملے کی واپسی کے لیے صومالی سفیر کو وزیر بحری امور کا خط

394875 1891924958


وفاقی وزیر برائے بحری امور محمد جنید انور چوہدری نے صومالیہ کی حکومت سے سمندری جہاز ’اونر 25‘ پر موجود پاکستانی عملے کی بحفاظت بازیابی کے لیے فوری تعاون کی اپیل کی ہے۔

وزارت بحری امور کی جانب سے صومالیہ کے سفیر شیخ نور محمد حسن کو ارسال کیے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ جہاز صومالیہ کے ساحلی پانیوں میں مبینہ طور پر قزاقی حملے کا نشانہ بنا ہے، جس کے باعث جہاز پر موجود پاکستانی عملے کی سلامتی اور بہبود کے حوالے سے شدید تشویش پائی جاتی ہے۔

خط میں حکومتِ پاکستان کی جانب سے صومالیہ کی حکومت سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ متعلقہ حکام کے ساتھ رابطہ کر کے پاکستانی عملے کی حفاظت کو یقینی بنانے اور ان کی محفوظ واپسی کے لیے اقدامات کرے۔

وزارت بحری امور نے اپنے پیغام میں پاکستان اور صومالیہ کے درمیان خوشگوار تعلقات کا حوالہ دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ صومالیہ اس انسانی ہمدردی کے معاملے میں مکمل تعاون فراہم کرے گا۔

خط میں اس معاملے پر فوری توجہ دینے کی بھی درخواست کی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ پاکستانی عملے کی بحفاظت رہائی حکومتِ پاکستان کے لیے انتہائی اہمیت رکھتی ہے۔

پس منظر:

وفاقی وزیر برائے بحری امور محمد جنید انور چوہدری نے اپنے سوشل میڈیا پر بتایا کہ صومالیہ کے قریب سمندر میں بحری قزاقوں نے ایک آئل ٹینکر پر حملہ کر کے جہاز کو یرغمال بنا لیا، جس میں 11 رکنی پاکستانی عملہ بھی سوار ہے۔ واقعے کے بعد پاکستانی حکام نے فوری طور پر ریسکیو کوششیں تیز کر دی ہیں۔

وزارت بحری امور نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے فوری رپورٹ طلب کر لی ہے اور متعلقہ اداروں کو ریسکیو آپریشن مزید مؤثر بنانے کی ہدایت جاری کی ہے۔ وزارت بحری امور کے مطابق تمام متعلقہ ادارے مسلسل رابطے میں ہیں اور صورتحال پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ وزارت بحری امور نے وزارت خارجہ سے فوری سفارتی رابطوں کی درخواست بھی کی ہے، جبکہ پاکستانی عملے کی بحفاظت رہائی کے لیے صومالیہ کی حکومت سے رابطے کی کوششیں جاری ہیں۔





Source link

By uttu

Related Post

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *