حماس کا اسرائیلی فوجیوں پر حملہ، ایک ہلاک – Siasat Daily

uttu
2 Min Read


غزہ، 10 جولائی(یو این آئی) حماس نے کہا ہے کہ اس کے جانبازوں نے جنوبی غزہ میں ایک اسرائیلی فوجی کو ہلاک کر کے اس کا اسلحہ قبضے میں لے لیا۔ میڈیاکے مطابق حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز نے ایک بیان میں کہا کہ اس کے جانبازوں نے خان یونس کے مشرق میں واقع اباسان الکبیرہ کے علاقے میں اسرائیلی فوجیوں اور فوجی گاڑیوں کے ایک گروپ پر حملہ کیا۔بیان کے مطابق حماس کے جنگجوؤں نے اینٹی ٹینک گولوں سے ایک مرکاوہ ٹینک اور ایک بکتر بند نفری بردار گاڑی کو نشانہ بنایا اور ایک اسرائیلی فوجی کو پکڑنے کی کوشش کی۔

مستقل جنگ بندی کے بدلے 10 قیدیوں کی رہا ئی
قطر کی ثالثی میں چار روزہ بالواسطہ مذاکرات کے بعدحماس کی پیشکش

غزہ/دوحہ: فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے غزہ میں مستقل جنگ بندی کے بدلے 10 اسرائیلی قیدیوں کی رہائی کی پیشکش کی ہے تاہم معاہدے کی راہ میں اب بھی کئی بڑی رکاوٹیں موجود ہیں۔یہ پیشکش قطر کی ثالثی میں چار روزہ بالواسطہ مذاکرات کے بعد سامنے آئی ہے۔ حماس نے واضح کیا کہ وہ مثبت جذبے کے ساتھ سنجیدہ مذاکرات جاری رکھے ہوئے ہے تاہم اسرائیل کی ’ہٹ دھرمی‘ مذاکرات میں رکاوٹ بن رہی ہے۔حماس کا مؤقف ہے کہ ہم ہتھیار نہیں ڈالیں گے، لیکن ہم امن، عزت اور آزادی کے خواہش مند ہیں۔ اسرائیل امداد کو روک کر معاہدے کو سبوتاژ کر رہا ہے۔اسرائیلی وزیرِ اعظم بینجامن نیتن یاہو نے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی طرح امید ظاہر کی کہ معاہدہ ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ ہم معاہدے کے قریب ہیں، مثبت امکانات موجود ہیں۔



Source link

Share This Article
Leave a Comment