کے بی آر پارک کے اطراف درختوں کو کاٹنے پر حکم التواء ، سپریم کورٹ میں سماعت
حیدرآباد۔18۔مئی ۔(سیاست نیوز) سپریم کورٹ میں حکومت تلنگانہ کو درختوں کو کاٹنے اور ماحولیاتی تحفظ کے معاملہ میں شدید جھٹکا لگا ہے۔ کے بی آر پارک کے اطراف موجود درختوں کو کاٹنے ہوئے سڑک کی توسیع اور فلائی اوور کی تعمیر کے معاملہ میں جاری احتجاج کے دوران سپریم کورٹ میں دائر کی گئی درخواست کی سماعت کے بعد سپریم کورٹ نے کے بی آر پارک کے اطراف درختوں کو کاٹنے پر حکم التواء جاری کردیا ۔ جسٹس ناگارتھنا اور جسٹس اجل بھویان پر مشتمل بنچ نے سینیئر کونسل کے ویویک ریڈی اور متھن ششانک کی بحث کو سننے کے بعد جاری کئے گئے احکامات میں کہاکہ کے بی آر پارک کے اطراف 25تا35میٹر کے دائرہ کو ماحولیاتی تحفظ کے لئے محفوظ علاقہ ہے اور اس دائرہ میں موجود درختوں کو کاٹنے کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔جوبلی ہلز پر SRDPکے تحت جاری سڑک کی توسیع کے علاوہ فلائی اوور کی تعمیر کے سلسلہ میں جاری اقدامات کے دوران مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے کے بی آر پارک کے اطراف موجود درختوں کو کاٹنے اور انہیں منتقل کرنے کے اقدامات کا آغاز کیا تھا۔ اس پراجکٹ کے خلاف ماحولیات کے تحفظ کے سلسلہ میں جدوجہد کرنے والی تنظیموں اور کارکنوں نے بڑے پیمانے پر احتجاج کا آغاز کرتے ہوئے پارک کے اطراف موجود درختوں کے تحفظ کے علاوہ پارک کو نقصان پہنچانے کے خلاف مہم کا آغاز کیا تھا اور اس سلسلہ میں احتجاجی کارکنوں کو پولیس نے حراست میں لیتے ہوئے ان کے خلاف مقدمات بھی درج کئے تھے ۔ ماحولیات کے تحفظ کے لئے جدوجہد کرنے والے جہدکاروں اور تنظیموں کے کارکنوں نے گذشتہ شب بھی کے بی آر پارک کے قریب میں احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے شہر حیدرآباد کو دہلی بننے سے روکنے کے لئے درختوں کے تحفظ کو یقینی بنانے پر زور دیا تھا اور عوامی شعور بیداری مہم چلائی تھی ۔ سپریم کورٹ میں داخل کی گئی درخواست میں ماحولیات کے تحفظ کے علاوہ اس قومی پارک کو جہاں درختوں کے علاوہ نادر چرند اور پرند موجود ہیں اس کی تفصیلات پیش کرتے ہوئے پارک کے تحفظ کو یقینی بنانے کی درخواست کی گئی تھی ۔ ماحولیات کے تحفظ کے لئے کام کرنے والے جہدکاروں کا کہناہے کہ شہری ترقی کے نام پر شہری علاقوں میں موجود جنگلاتی علاقوں کی تباہی شہر میں ماحولیاتی اور فضائی آلودگی کا سبب بن سکتی ہے اسی لئے ترقی کے نام پر درختوں اور جنگلوں کو ختم کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی ۔ ماحولیات کے تحفظ کی ذمہ داری ہرشہری پر ہے اسی لئے ہر شہری کو چاہئے کہ وہ درختوں کے تحفظ کے لئے کی جانے والی جدوجہد کا حصہ بنے۔3/m/b
