چیف منسٹر کے قافلہ میں تخفیف ۔ ایک سال تک بیرونی سفر پر امتناع ۔ ہر پیر کو وزراء و عہدیدار میٹرو سے دفتر آئیں گے
نئی دہلی 14 مئی ( ایجنسیز ) وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے بڑھتی ہوئی عالمی غیریقینی صورتحال میں فیول کی بچت کی اپیل کے پیش نظر چیف منسٹر دہلی ریکھا گپتا نے سرکاری دفاتر کیلئے ہفتے میں دو دن ورک فرم ہوم کا اعلان کیا ہے ۔ اس کا مقصد گاڑیوں کے استعمال کو کم سے کم کرنا ہے ۔ اس فیصلے پر کل جمعہ سے عمل آوری ہوگی ۔ چیف منسٹر نے اپنی گاڑیوں کے قافلہ میں بھی تقریبا 60 فیصد کی کمی کردی ہے اور اب وہ صرف چار گاڑیاں ہی استعمال کریں گی ۔ کہا گیا ہے کہ چیف منسٹر کے قافلہ میں اب محض چار گاڑیاں شامل ہونگی اور ان میں بھی دو گاڑیاں الیکٹرانک ہونگی ۔ اس طرح سرکاری امور میں فیول کی کھپت کو کم سے کم کرنے اور ماحولیات کے تحفظ میں بھی مدد ملے گی ۔ بی جے پی حکومت نے دارالحکومت دہلی میں فیول کی بچت اور موثر حکمرانی کیلئے ’’ میرا بھارت ۔ میرا حصہ ‘‘ مہم شروع کی ہے ۔ حکومت نے کہا کہ ہر پیر کو منڈے میٹرو کا اہتمام کیا جائے گا ۔ تمام وزراء ‘ عہدیدار اور ملازمین میٹرو سے سفر کریں گے ۔ حکومت نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ ہفتے میں ایک دن بغیر گاڑی کے دن کا اہتمام کریں۔ حکومت نے اعلان کیا کہ دارالحکومت میں آئندہ چھ ماہ کیلئے کوئی نئی پٹرول ‘ ڈیزل یا الیکٹرک گاڑی نہیں خریدی جائے گی ۔ حکومت نے کہا کہ ملازمین کیلئے ٹرانسپورٹ الاؤنس میں 10 فیصد کا اضافہ کیا جائے گا ۔ اس کے علاوہ بیرون ملک سفر پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے ۔ دہلی حکومت کا کوئی بھی وزیر یا عہدیدار آئندہ ایک سال کیلئے بیرون ملک کا سفر نہیں کریگا ۔ اس کے علاوہ شعور بیدار کرنے کیلئے دارالحکومت میں 90 دن کی مہم چلائی جائے گی ۔ شہریوں کو اس بات کا حلف دلایا جائے گا کہ وہ بچت کریں گے اور قوم کی تعمیر میں حصہ ادا کریں گے ۔ برقی کھپت کو بھی کم سے کم کرنے کیلئے حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ تمام سرکاری دفاتر میں ائر کنڈیشن 24 تا 26 ڈگری سلسئیس پر چلائے جائیں گے ۔ اس کے علاوہ سرکاری دفاتر میں ماسٹر سوچ Switch لگائے جائیں گے تاکہ برقی ضائع ہونے سے بچائی جاسکے ۔
سرکاری دفاتر کے اوقات میں بھی تبدیلی
چیف منسٹر ریکھا گپتا نے بتایا کہ ٹریفک کے دباؤ اور ایندھن کی کھپت کو کم کرنے کیلئے مختلف سرکاری اداروں کے دفاتر کے اوقات الگ الگ رکھے جائیں گے ۔ اس کے تحت:
دہلی میونسپل کارپوریشن دفاتر کا وقت صبح 8:30 سے شام 5:00 بجے تک ہوگا۔
دہلی حکومت کے دفاتر کا وقت صبح 10:30 سے شام 7:00 بجے تک ہوگا۔
مرکزی حکومت کے دفاتر کا وقت صبح 9:00 سے شام 5:30 بجے تک رہے گا۔
