(ویب ڈیسک)سعودی کابینہ نے نئے قانون کی منظوری دی ہے جس کے تحت اب غیر ملکی افراد بھی مملکت میں جائیداد خرید سکیں گے۔
سعودی اخبار کے مطابق نیا قانون جنوری 2026 سے لاگو ہوگا جس کے تحت غیرملکی شہری بھی مملکت میں جائیداد کے مالک بن سکیں گے۔
اخبار کے مطابق سعودی وزیر بلدیات و ہاؤسنگ اور جنرل اتھارٹی برائے رئیل سٹیٹ کا کہنا تھا کہ غیرسعودیوں کیلئے جائیداد کی خریداری کے قانون کی منظوری ملک کے اقتصادی و سماجی پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے مخصوص شرائط و ضوابط کے تحت دی گئی ہے۔
نئے قانون کے تحت غیر ملکی افراد ریاض اور جدہ میں جائیداد خرید سکیں گے جب کہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں جائیداد کی خریداری کیلئے اضافی شرائط عائدہوں گی، جنرل اتھارٹی ایسی جگہوں کی نشاندہی کرے گی جہاں غیر ملکی جائیداد خریدسکیں گے۔
سعودی وزیر بلدیات کا کہنا تھا کہ نئے قانون کی منظوری سے رئیل سٹیٹ کے شعبے میں مزید ترقی ہو گی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ ملےگا۔
یہ بھی پڑھیں:پی ٹی آئی نے سینیٹ نشستوں کیلئے امیدواروں کو ٹکٹ جاری کردیئے، نام بھی سامنے آ گئے؟