انڈیا کے خلاف گذشتہ سال ’معرکہ حق‘ کی پہلی سالگرہ کے موقع پر صدر آصف علی زرداری، وزیر اعظم شہباز شریف اور مسلح افواج نے ہفتے کو قوم کو مبارک باد پیش کی ہے۔
گذشتہ سال اپریل میں انڈٰیا کے زیر انتظام کشمیر کے علاقے پہلگام میں حملے کے بعد انڈیا نے اس کا الزام پاکستان پر لگاتے ہوئے چھ اور سات مئی کی درمیان شپ پاکستان اور اس کے زیر انتظام کشمیر کے کئی علاقوں پر حملے کیے جس کے جواب میں پاکستان نے معرکہ حق کے نام سے جوابی کارروائی کی۔
پاکستان نے پہلگام حملے پر انڈیا کے الزام کو مسترد کرتے ہوئے اس واقعے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کی پیش کش بھی کی تھی تاہم انڈیا نے ’آپریشن سندور‘ کے نام سے پاکستان کی سرزمین پر حملہ کیا جس کے جواب میں پاکستان نے ’آپریشن بنیان المرصوص‘ کا آغاز کیا اور انڈیا کے رفال سمیت متعدد جنگی طیاروں اور دیگر عسکری مقامات کو تباہ کرنے کا دعویٰ کیا۔
ایوان صدر سے جاری بیان کے مطابق آصف علی زرداری نے قوم اور مسلح افواج کو ’خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت، حکمت عملی اور جرات مندانہ فیصلوں کو معرکہ حق کی کامیابی میں کلیدی قرار دیا اور کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار اور امن پسند ریاست ہے، دشمن کی جارحیت کا بھرپور مگر متوازن جواب دے کر دنیا کو اپنی دفاعی صلاحیت کا پیغام دیا۔‘
صدر مملکت نے پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھواور پاک فضائیہ کے شاہینوں کی غیرمعمولی مہارت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بھی سراہا۔
انہوں نے پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف اور بحری افواج کی مکمل آپریشنل تیاری اور دفاعی صلاحیتوں کو قومی سلامتی کے لیے قابل فخر قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار اور امن پسند ریاست ہے، دشمن کی جارحیت کا بھرپور مگر متوازن جواب دے کر دنیا کو اپنی دفاعی صلاحیت کا پیغام دیا ہے۔
صدر زرداری نے کہاکہ انڈیا کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی معطلی کی کوشش ’آبی دہشت گردی‘ ہے کیوں کہ پانی کروڑوں پاکستانیوں کی زندگی کا مسئلہ ہے۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
انہوں نے کہا کہ افغانستان اپنی سرزمین پاکستان اور خطے کے دیگر ممالک کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال نہ ہونے دے، بیرونی پشت پناہی میں سرگرم دہشت گردی کا مکمل خاتمہ خطے کے امن کے لیے ناگزیر ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے بھی ’معرکہ حق کے دن کو سجدہ شکر بجا لانے کا موقع قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دن عزم، جرات اور استقامت کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کو عبرتناک شکست سے دوچار کرنے کی یاد تازہ کرتا ہے۔‘
ایکس پر جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ ’بری، بحری، فضائی اور سائبر محاذوں پر ہماری افواج کے مربوط، منظم اور ہم آہنگ ردِعمل نے پاکستان کو ایک ناقابلِ تسخیر قوت کے طور پر منوایا۔‘
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان’فتنہ الخوارج‘ اور ’فتنہ الہندوستان‘ کے مکمل خاتمے اور دہشت گردی کے ناسور کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے ثابت قدمی سے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔
’معرکۂ حق‘ کی پہلی سالگرہ کے موقع پر مسلح افواج نے بھی قوم کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے ملک کے ناقابل تسخیر دفاع کے عزم کا اعائدہ کیا۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آٗئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، ایڈمرل نوید اشرف اور ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے قوم اور مسلح افواج کے تمام افسران و جوانوں کو اس موقع پر مبارک باد پیش کی ہے۔
بیان کے مطابق: ’مسلح افواج پاکستان کے عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہیں اور اس قوم کے ساتھ اپنے اٹوٹ رشتے کی تجدید کرتی ہیں جس کی وہ فخر کے ساتھ خدمت کر رہی ہیں۔‘
