(24 ںیوز)برطانیہ کے مشہور ماحولیاتی و ثقافتی ادارے نیشنل ٹرسٹ نے تقریباً 550 ملازمتیں ختم کرنے کا اعلان کر دیا، حکومت کے حالیہ بجٹ میں کی گئی تبدیلیوں کے نتیجے میں ادارے کے اخراجات میں 10 ملین سے زائد پاؤنڈز کا اضافہ ہوا ہے، جس کے سبب 11 ہزار ملازمتوں میں سے 6 فیصد ملازمتیں ختم کی جارہی ہیں۔
چانسلر ریشل ریوز کے پہلے بجٹ میں نیشنل انشورنس اور کم از کم اجرت میں اضافہ کیا گیا، جس سے نیشنل ٹرسٹ جیسے خیراتی اداروں کو بھاری مالی دباؤ کا سامنا ہے،کٹوتیوں سے کیفے، دکانوں اور محفوظ مقامات کی دیکھ بھال کرنے والا عملہ اثر انداز ہو گا، جس کے لیے 45 دن کا مشاورتی عمل شروع کر دیا گیا ہے۔
ادارہ اب تک 500 تاریخی عمارتیں، 780 میل ساحل اور 2.5 لاکھ ہیکٹر زمین کی دیکھ بھال کرتا ہے، ادارے کا کہنا ہے کہ ان چیزوں کو ترجیح دی جائے گی جو عوام کے لیے اہم ہیں اور یہ تبدیلیاں ادارے کو انگلینڈ، ویلز اور شمالی آئرلینڈ میں قدرتی و تاریخی ورثے کی حفاظت جاری رکھنے کے قابل بنائیں گی۔
ایک ملازم کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ یقینی طور پر صفِ اول کی خدمات کے معیار کو متاثر کرے گا، خاص طور پر ایسے وقت میں جب نیشنل ٹرسٹ اپنی عوامی شبیہ اور سماجی اہمیت کے حوالے سے تنقید کا شکار ہے۔
خیال رہے کہ نیشنل ٹرسٹ نے مارچ 2025 میں پہلے ہی نئی بھرتیوں پر پابندی لگا دی تھی اور اب ٹیٹ اور انگلش ہیریٹیج جیسے ادارے بھی فنڈز کی کمی کے باعث کٹوتیاں کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں :یوٹیوب نے اپنامقبول’’ٹرینڈنگ پیج‘‘ بند کرنے کااعلان کردیا