Thu. Apr 23rd, 2026

22 اپریل صبح 4:50 سے پہلے ایران کا مذاکرات میں شرکت کا فیصلہ اہم: عطا تارڑ

394629 1862221507


امریکہ اور ایران کے درمیان سیز فائر بدھ کو ختم ہونے جا رہا ہے۔

دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور اسلام آباد میں جلد متوقع۔

ڈونلڈ ٹرمپ کی مذاکراتی ٹیم کا آج اسلام آباد پہنچنے کا امکان، لیکن ایران تاحال فیصلہ نہ کر سکا۔

لائیو اپ ڈیٹس


تاحال پاکستان میں امریکہ سے مذاکرات سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں کیا: ایرانی وزارت خارجہ

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے منگل کو ایرانی سرکاری ٹی وی کو بتایا ہے کہ ایران نے تاحال پاکستان میں امریکہ کے ساتھ مذاکرات میں شرکت سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ دو ایرانی بحری جہازوں کے خلاف امریکی اقدامات ’سمندر میں قزاقی اور ریاستی دہشت گردی‘ کے مترادف ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے سوال اٹھایا کہ آیا واشنگٹن مذاکرات میں سنجیدہ بھی ہے یا نہیں۔  (روئٹرز)


حزب اللہ نے جنوبی لبنان میں فوجیوں پر کئی راکٹ مارے: اسرائیلی فوج

اسرائیلی فوج نے منگل کو کہا ہے کہ حزب اللہ نے جنوبی لبنان میں فوجیوں کی طرف کئی راکٹ داغے ہیں۔ (روئٹرز)


22 اپریل صبح 4:50 سے پہلے ایران کا مذاکرات میں شرکت کا فیصلہ اہم: عطا تارڑ

وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ منگل کی شام ساڑھے سات بجے تک اسلام آباد امن مذاکرات میں شرکت کے لیے ایرانی وفد کی تصدیق کے بارے میں تہران سے باضابطہ ردعمل کا انتظار ہے۔

سوشم میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں انہوں نے کہا کہ پاکستان بطور ثالث ایران کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور سفارت کاری اور مذاکرات کی راہ پر گامزن ہے۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ جنگ بندی 22 اپریل کو (پاکستانی وقت کے مطابق) صبح 4 بج کر 50 منٹ پر ختم ہوتی ہے۔

’ایران کی جانب سے دو ہفتے کی جنگ بندی کے خاتمے سے قبل مذاکرات میں شرکت کا فیصلہ اہم ہے۔‘

عطا تارڑ نے کہا کہ پاکستان نے ایرانی قیادت کو مذاکرات کے دوسرے دور میں شرکت کے لیے قائل کرنے کی مخلصانہ کوششیں کی ہیں جو اب بھی جاری ہیں۔


سعودی عرب کی پاکستان کی مسلسل سفارتی کوششوں کی حمایت کا اظہار کیا 

پاکستان کے دفتر خارجہ کا منگل کو کہنا ہے کہ سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان ال سعود نے مشرق وسطیٰ کی جنگ کے خاتمے کے لیے پاکستان کی مسلسل سفارتی کوششوں کے لیے مملکت کی حمایت کا اظہار کیا ہے۔

دفتر خارجہ کے ایک بیان میں بتایا گیا کہ ریاض کے اعلیٰ سفارت کار کے ساتھ ایک کال میں، نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے تازہ ترین علاقائی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔

’دونوں رہنماؤں نے پائیدار امن اور استحکام کے حصول کے لیے بات چیت اور مشغولیت کی اہمیت‘ پر زور دیا۔

دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ دونوں اعلیٰ سفارت کاروں نے قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا ہے۔


ایران سزائے موت کا سامنا کرنے والی 8 ایرانی خواتین کر رہا کرے: ٹرمپ

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بدھ کو ایران سے کہا کہ وہ مبینہ طور پر سزائے موت کا سامنا کرنے والی 8 خواتین کو رہا کر کے امریکہ کے ساتھ امن مذاکرات میں کامیابی کے امکانات کو بڑھا سکتا ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم سوشل ٹروتھ پر ایک پوسٹ میں انہوں نے کہا کہ ’میں ان خواتین کی رہائی کی بہت تعریف کروں گا۔ یہ ہمارے مذاکرات کا ایک بہترین آغاز ہو گا!‘

ٹرمپ کا بیان ریاستہائے متحدہ میں اسرائیل کے حامی نوجوان کارکن ایال یاکوبی کے ایکس پر اس دعوے کی دوبارہ پوسٹنگ کے ساتھ ہے کہ آٹھ خواتین کو پھانسی دے کر موت کا سامنا کرنا پڑا۔ اس دعوے کی، جس میں نام نہیں بتائے گئے لیکن آٹھ خواتین کی تصاویر شائع کی گئیں، فوری طور پر تصدیق نہیں ہو سکی۔


ریڈ زون میں سرکاری دفاتر بدھ کو بھی بند رہیں گے: حکومتی نوٹیفیکیشن

پاکستان کے کیبنٹ ڈویژن نے اعلان کیا ہے کہ وفاقی دارالحکومت کے ریڈ زون میں واقع وفاقی حکومت کے تمام دفاتر بدھ (22 اپریل) کو بند رہیں گے اور ملازمین گھروں سے کام کریں گے۔

منگل کی شام جاری ہونے والے ایک نوٹیفیکیشن میں کہا گیا کہ وفاقی حکومت کے ملازمین شہر سے باہر نہیں جائیں گے طلب کرنے کی صورت مین انہیں دفاتر دستیاب ہونا ہو گا۔


موجودہ ایرانی رہنما عقل مند ہیں، امریکہ بہت بڑا معاہدہ کرنے والا ہے: ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے منگل کو کہا کہ ان کے خیال میں ہفتوں سے جاری جنگ کو ختم کرنے کے لیے امریکہ ایران کے ساتھ ’بہت بڑا معاہدہ کرنے والا ہے۔‘ تاہم انہوں نے کہا کہ ختم ہونے والی جنگ بندی میں توسیع کی توقع نہیں رکھتے۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ وہ ایران کے ساتھ امن مذاکرات کے دوسرے دور سے کیا نکلنے کی توقع رکھتے ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ ’میرے خیال میں ان کے پاس کوئی چارہ نہیں ہے۔‘

صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ ’ہم نے ان کی بحریہ کو نکال لیا ہے، ہم نے ان کی فضائیہ کو نکال لیا ہے، ہم نے ان کے لیڈروں کو نکال لیا ہے۔‘ 

انہوں نے کہا، ’ہم نے ان کے لیڈروں کو باہر نکال دیا ہے، جو ایک طرح سے معاملات کو پیچیدہ بناتا ہے، لیکن یہ رہنما بہت زیادہ عقل مند ہیں۔

’یہ حکومت کی تبدیلی ہے، اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا ہے کہ آپ اسے کیا کہنا چاہتے ہیں، یہ وہ چیز نہیں ہے جو میں نے کہا تھا کہ میں کرنے جا رہا ہوں، لیکن میں نے اسے بالواسطہ طور پر کیا ہے۔‘
یہ پوچھے جانے پر کہ کیا وہ جنگ بندی میں توسیع کریں گے تاکہ جنگ کے خاتمے کے لیے امن مذاکرات کے لیے وقت دیا جا سکے، ٹرمپ نے کہا، ’ٹھیک ہے، میں ایسا نہیں کرنا چاہتا۔‘


امریکہ اور ایران  جنگ بندی میں توسیع پر غور کریں: پاکستان

پاکستان نے منگل کو امریکہ اور ایران پر زور دیا ہے کہ وہ جنگ بندی میں توسیع پر غور کریں۔

پاکستانی وزارت خارجہ سے جاری بیان کے مطابق نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے ان خیالات کا اظہار امریکی ناظم الامور نیٹلی اے بیکر سے ملاقات کے دوران کیا۔

اسحاق ڈار نے ملاقات کے دوران چیلنجز سے نمٹنے اور پائیدار علاقائی امن و استحکام کے حصول کے لیے پاکستان کے اس مؤقف کو اجاگر کیا کہ مکالمہ اور سفارت کاری ہی واحد قابلِ عمل راستہ ہیں۔

انہوں نے امریکہ اور ایران کے درمیان روابط کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے دونوں فریقین پر زور دیا کہ وہ جنگ بندی میں توسیع پر غور کریں اور مکالمے اور سفارت کاری کو موقع دیں۔

امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے علاقائی امن کے فروغ اور مکالمے میں سہولت کاری کے لیے پاکستان کے تعمیری اور مثبت کردار کو سراہتے ہوئے امریکی قدردانی کا اظہار کیا۔


امریکہ اور ایران نے مذاکرات کے اگلے دور میں شرکت کا عندیہ دیا ہے: علاقائی عہدیدار

دو علاقائی عہدیداروں نے منگل کو خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کو بتایا ہےکہ امریکہ اور ایران نے عندیہ دیا ہے کہ وہ پاکستان میں جنگ بندی مذاکرات کے نئے دور میں شرکت کریں گے جبکہ دونوں جانب کے رہنماؤں نے خبردار کیا ہے کہ اگر دو ہفتوں پر مشتمل نازک جنگ بندی بغیر کسی معاہدے کے ختم ہو گئی تو مزید لڑائی کے لیے تیار ہیں۔

نہ تو امریکہ اور نہ ہی ایران نے اسلام آباد میں مذاکرات کے وقت کی عوامی طور پر تصدیق کی ہے، جبکہ ایرانی سرکاری ٹیلی وژن نے اس بات کی تردید کی ہے کہ کوئی عہدیدار پہلے ہی پاکستان کے دارالحکومت میں موجود ہے۔

علاقائی عہدیداروں نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا کہ پاکستانی ثالثوں کو اس بات کی تصدیق موصول ہوئی ہے کہ امریکی نائب صدر جے ڈی وینس اور ایرانی پارلیمان کے سپیکر محمد باقر قالیباف بدھ کی صبح اسلام آباد پہنچیں گے تاکہ اپنے وفود کی قیادت کرتے ہوئے مذاکرات کریں۔

امریکہ اور ایران کے درمیان8  اپریل سے شروع ہونے والی جنگ بندی بدھ (21 اپریل)کو ختم ہونے والی تھی۔

دونوں فریق بیانات کی حد تک اپنی اپنی پوزیشن پر قائم ہیں۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا ہے کہ اگر جنگ بندی کی آخری تاریخ سے پہلے کوئی معاہدہ نہ ہوا تو ’بہت سے بم پھٹنا شروع ہو جائیں گے‘، جبکہ ایران کے چیف مذاکرات کار نے کہا ہے کہ تہران کے پاس ’میدان جنگ میں نئے پتے‘ ہیں جو ابھی ظاہر نہیں کیے گئے۔

اگر مذاکرات دوبارہ شروع ہوتے ہیں تو جنگ بندی میں توسیع کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ وائٹ ہاؤس کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ جے ڈی وینس امریکی وفد کی قیادت کریں گے، تاہم ایران نے یہ نہیں بتایا کہ وہ کس کو بھیج سکتا ہے۔

ایرانی سرکاری ٹی وی نے منگل کو ایک پیغام نشر کیا جس میں کہا گیا کہ ’اب تک ایران کا کوئی وفد اسلام آباد نہیں گیا ہے۔‘

دوسری جانب پاکستانی حکام نے اس اعتماد کا اظہار کیا ہے کہ ایران بھی مزید مذاکرات کے لیے وفد بھیجے گا۔

اس سلسلے میں دارالحکومت اسلام آباد میں سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے، جہاں حکام نے ہزاروں اہلکار تعینات کر رکھے ہیں اور ایئرپورٹ جانے والے راستوں پر گشت بڑھا دیا ہے۔

اسلام آباد میں مقیم سکیورٹی تجزیہ کار سید محمد علی نے اے پی کو بتایا کہ یہ انتظامات 11 اور 12 اپریل کو اسلام آباد میں ہونے والے پہلے مذاکراتی دور کے مقابلے میں زیادہ سخت دکھائی دیتے ہیں، جس سے عندیہ ملتا ہے کہ اگر مذاکرات میں پیش رفت ہوئی تو اعلیٰ سطح کی شرکت کا امکان ہے۔


ایران متعدد بار سیزفائر کی خلاف ورزی کر چکا ہے: ڈونلڈ ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے منگل کو پاکستانی وقت چار بجے شام کے قریب ٹروتھ سوشل پر لکھا ہے کہ ایران کئی بار سیزفائر کی خلاف ورزی کر چکا ہے۔


چینی سفیر کی پاکستانی وزیر خارجہ سے ملاقات

پاکستان کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی منگل کو اسلام آباد میں چینی سفیر سے ملاقات ہوئی ہے جس میں امریکہ ایران مذاکرات کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق چینی سفیر زائی ڈونگ نے خطے اور اس سے آگے پائیدار امن و استحکام کے لیے امریکہ اور ایران کے درمیان روابط کو فروغ دینے میں پاکستان کی مسلسل کوششوں پر مکمل حمایت اور تعریف کا اظہار کیا۔


امریکہ ایران مذاکرات: اسلام آباد میں گرینڈ کومبنگ سرچ آپریشنز

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پولیس کے مطابق مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پر مشترکہ گرینڈ کومبنگ سرچ آپریشنز جاری ہیں۔

ترجمان اسلام آباد پولیس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آئی جی اسلام آباد نے ضلع بھر میں گرینڈ سرچ آپریشنز کے احکامات جاری کیے ہیں۔

بیان کے مطابق ان سرچ آپریشنز میں لیڈیز پولیس نے بھی حصہ لیا جبکہ آپریشن کے دوران 743 افراد اور 307 گھرانوں کو چیک کیا گیا۔

سرچ آپریشنز کے دوران تین افغانوں سمیت 39 مشکوک افراد اور 18 موٹر سائیکلوں کو مزید جانچ پڑتال کے لیے متعلقہ تھانوں میں منتقل کیا گیا ہے۔


ایران سے یورینیم نکالنا مشکل ہو گا: ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پیر کو کہا کہ گذشتہ سال ایران کی جوہری تنصیبات پر امریکی حملوں کے بعد ایران سے یورینیم حاصل کرنا ایک ’طویل‘ اور ’مشکل‘ عمل ہو گا۔

ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر لکھا ’آپریشن مڈ نائٹ ہیمر نے ایران میں نیوکلیئر ڈسٹ سائٹس کو مکمل طور پر تباہ کر دیا تھا۔‘

 انہوں نے مزید کہا ’لہٰذا، اسے دوبارہ نکالنا ایک طویل اور مشکل عمل ہوگا۔‘

امریکی صدر ’نیوکلیئر ڈسٹ‘ کی اصطلاح کو عام طور پر ایران کے افزودہ یورینیم کے ذخائر کے لیے استعمال کرتے ہیں، لیکن بعض اوقات وہ اسے ایران کی جوہری تنصیبات پر امریکی حملوں کے بعد بچ جانے والے مواد کے لیے بھی استعمال کرتے ہیں۔


امریکی نائب صدر منگل کو اسلام آباد کا دورہ کریں گے: رپورٹ

امریکی ذرائع نے ایکسیوز میڈیا کو بتایا کہ نائب صدر جے ڈی وینس منگل کو ایران سے متعلق مذاکرات کے لیے پاکستان کا دورہ کریں گے۔


جنگ دوبارہ شروع ہوئی تو ’تیاری‘ کر رہے ہیں: ایران

ایرانی پارلیمنٹ کے سپیکر نے کہا ہے کہ اگر دو ہفتے کی جنگ بندی کے بعد لڑائی دوبارہ شروع ہوتی ہے تو ان کا ملک ’میدان جنگ میں نئے کارڈ دکھانے کی تیاری کر رہا ہے۔‘

پاکستان میں ہونے والے گذشتہ مذاکرات میں ایرانی وفد کی قیادت کرنے والے محمد باقر قالیباف نے ایکس پر لکھا ’محاصرہ کر کے اور جنگ بندی کی خلاف ورزی کر کے ٹرمپ اس مذاکراتی میز کو سرِ تسلیم خم کی میز بنانا چاہتے ہیں یا حسب منشا لڑائی دوبارہ شروع کرنے کا جواز پیدا کرنا چاہتے ہیں۔‘

انہوں نے کہا ’ہم دھمکیوں کے سائے میں مذاکرات قبول نہیں کرتے اور گذشتہ دو ہفتوں میں ہم میدان جنگ میں نئے کارڈ دکھانے کی تیاری کر رہے ہیں۔‘ اے ایف پی


امریکہ کی میزبانی میں نئے اسرائیل – لبنان مذاکرات

ایک امریکی اہلکار نے اے ایف پی کو نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ جمعرات کو اسرائیل اور لبنان کے درمیان نئے مذاکرات کی میزبانی کرے گا۔

اہلکار نے کہا ’ہم دونوں حکومتوں کے درمیان براہ راست اور نیک نیتی پر مبنی مذاکرات کو جاری رکھیں گے۔‘


ہرمز کی ناکہ بندی معاہدے تک برقرار رہے گی: ٹرمپ

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کی بندرگاہوں کی امریکی ناکہ بندی اس وقت تک نہیں ہٹائی جائے گی جب تک تہران جنگ کے خاتمے کے لیے امن معاہدے پر رضامند نہیں ہوتا۔

ٹرمپ نے سوشل میڈیا ٹروتھ پر لکھا ’یہ ناکہ بندی، جسے ہم ’معاہدہ‘ ہونے تک نہیں ہٹائیں گے، ایران کو مکمل طور پر تباہ کر رہی ہے۔

’وہ روزانہ 500 ملین ڈالر کھو رہے ہیں، جو ایک ناقابل برداشت رقم ہے، حتیٰ کہ قلیل مدت میں بھی۔‘


اسرائیلی حملوں میں 2387 اموات: لبنان

لبنانی سرکاری ادارے نے نئے اعداد و شمار میں کہا ہے کہ اسرائیلی حملوں میں لبنان میں کم از کم 2,387 افراد مارے جا چکے ہیں۔





Source link

By uttu

Related Post

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *