نئی دہلی ۔ 2 مارچ (ایجنسیز) ایران۔اسرائیل کشیدگی کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی نے متحدہ عرب امارات کے صدر اور اسرائیلی وزیر اعظم سے بات کرتے ہوئے شہریوں کے تحفظ اور دشمنانہ کارروائیوں کے جلد خاتمہ پر زور دیا۔ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی کے پیش نظر ہندوستان نے اعلیٰ سطحی سفارتی رابطوں میں تیزی لا دی ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے دیر رات متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان اور اسرائیلی وزیر اعظم بنجامن نیتن یاہو سے ٹیلی فون پر گفتگو کی اور خطے کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔وزیر اعظم نے متحدہ عرب امارات پر حالیہ حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی اور ان واقعات میں جان گنوانے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان اس مشکل وقت میں متحدہ عرب امارات کے ساتھ مکمل یکجہتی کے ساتھ کھڑا ہے۔ وزیر اعظم نے امارات میں مقیم ہندوستانی برادری کی حفاظت یقینی بنانے پر وہاں کی قیادت کا شکریہ بھی ادا کیا اور واضح کیا کہ ہندوستان کشیدگی کم کرنے، علاقائی امن، سلامتی اور استحکام کی حمایت کرتا ہے۔