Sun. Apr 19th, 2026

پاکستان سمیت 12 مسلم ممالک کی ’صومالی لینڈ‘ میں اسرائیلی سفارتی نمائندے کی تقرری کی مذمت

394552 1064442302


پاکستان سمیت 12 اسلامی ملکوں کے وزرائے خارجہ نے ہفتے کو اسرائیل کی جانب سے نام نہاد ’صومالی لینڈ‘ میں سفارتی نمائندے کی تقرری کے اعلان کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے صومالیہ کی ’خودمختاری، اتحاد اور علاقائی سالمیت‘ کی ’صریح خلاف ورزی‘ قرار دیا ہے۔

اسرائیل نے گذشتہ برس صومالیہ کے علیحدگی پسند خطے صومالی لینڈ کو آزاد اور خود مختار ریاست کے طور پر باضابطہ تسلیم کرنے کا اعلان کیا تھا، جسے صومالیہ نے غیر قانونی اور اس کی خود مختاری پر دانستہ حملہ قرار دیا ہے جبکہ پاکستان سمیت متعدد مسلم ممالک نے اس کی شدید مذمت کی ہے۔

اس سے قبل اسرائیل نے 15 اپریل کو  نام نہاد صومالی لینڈ میں اپنا پہلا سفیر کی تقریری کا اعلان کیا تھا۔

اسرائیل نے مائیکل لوٹیم کو صومالی لینڈ میں اسرائیل کا پہلا سفیر مقرر کیا ہے۔ وہ اس سے قبل کینیا میں اسرائیل کے سفیر کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔

پاکستان، مصر، صومالیہ، سوڈان، لیبیا، بنگلہ دیش، الجزائر، سعودی عرب، فلسطین، ترکی، انڈونیشیا اور کویت کے وزرائے خارجہ کی جانب سے ہفتے کو جاری کیے گئے مشترکہ بیان میں اسرائیلی سفارتی نمائندے کی تقرری کے اعلان کی مذمت کرتے ہوئے ’ریاستوں کے اتحاد کو کمزور کرنے یا ان کی خودمختاری میں مداخلت کرنے والے تمام یکطرفہ اقدامات کو دوٹوک طور پر مسترد کرنے کے  مؤقف کا اعادہ‘ کیا گیا۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

وزرائے خارجہ نے صومالیہ کے اتحاد، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے اپنی مضبوط اور غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا اور اس کے جائز ریاستی اداروں کی حمایت کی، جو صومالی عوام کی خواہشات کے واحد نمائندہ ہیں۔

وزرائے خارجہ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ’ایسے اقدامات بین الاقوامی قانون کے اصولوں، اقوام متحدہ کے منشور اور افریقی یونین کے بنیادی ایکٹ کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔‘

بیان میں اسے ’ایک خطرناک مثال‘ قرار دیتے کہا گیا کہ ایسے اقدامات ’ہارن آف افریقہ کے خطے میں استحکام کو نقصان پہنچانے کا خطرہ رکھتی ہے، جس کے نتیجے میں مجموعی طور پر علاقائی امن و سلامتی پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔‘





Source link

By uttu

Related Post

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *