
(24نیوز)ترجمان قطری وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ قطر سمیت پوری دنیا امن مذاکرات کی حمایت کر رہی ہے، ہم اپنے پاکستانی بھائیوں کی بھی حمایت کر رہے ہیں۔ آبنائے ہرمز کے بحران کے حل کی ذمہ داری ایک ملک کی نہیں تمام ممالک کی ہے۔
ترجمان قطری وزارت خارجہ ماجد الانصاری نے ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ اسلام آباد مذاکرات کے حوالے سے قطر امریکا سمیت تمام فریقوں سے رابطے میں ہے۔ مذاکرات کی ناکامی کے بارے میں بات نہیں کرنا چاہتے،انہوں نے کہا کہ تمام خلیجی ممالک روزانہ کی بنیاد پر مختلف فریقین کے ساتھ براہ راست رابطے میں ہیں۔ یہ بحران ہمارا اور ہمارے علاقے کا بحران ہے اسی لیے ہمارے براہ راست رابطے ہیں۔
ماجد الانصاری کا کہنا تھا کہ آبنائے ہرمز کے بحران کےحل کی ذمہ داری صرف ایک ملک کی نہیں بلکہ تمام ممالک کی ہے۔ آبنائے ہرمز کی مسلسل بندش نے علاقائی بحران بین الاقوامی بحران بن گیا ہے،قطر سیاسی حل تک پہنچنے کےلیے ثالثی کو موثر کردار سمجھتا ہے، قطر نے اپنی تاریخ کے دوران یہ ثابت کیا ہے کہ اس پر اعتماد کیا جاسکتا ہے۔
ترجمان قطری وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ ہم حل تلاش کرنے کےلیے اپنے شراکت داروں کے ساتھ بات چیت جاری رکھیں گے،انہوں نے کہا کہ پاکستان اور اس کے خلیجی پڑوسیوں کے درمیان اہم تاریخی تعلقات ہیں، وسیع ترخطے میں یہ شراکت داری مسلسل جاری ہے اور ہم اسے مزید آگے بڑھا رہے ہیں۔
