ہفتہ کی صبح ایس آر نگر ، بیگم بازار اور دیگر علاقوں میں جی ایچ ایم سی کی کارروائی
حیدرآباد۔25اپریل (سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں فٹ پاتھ پر موجود قبضہ جات کی برخواستگی کے سلسلہ میں مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی مہم تیزی کے ساتھ جاری ہے اور اس ہفتہ بھی صبح کی اولین ساعتوں سے ہی دونوں شہروں کے مختلف مقامات پر جی ایچ ایم سی کے بلڈوزرس کی کاروائیاں شروع کردی گئی ۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے حدود میں موجود زونس میں فٹ پاتھ کاتاجرین تجارتی مقاصدکا استعمال کرنے لگے ہیںاور پیدل راہرو جگہ نہ ہونے کے سبب سڑک پر چل رہے ہیں اسی لئے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے بڑے پیمانے پر کاروائیوں کا آغاز کرتے ہوئے فٹ پاتھ کے قبضہ جات کو برخواست کروانے کا عمل شروع کیا ہے۔جی ایچ ایم سی کی جانب سے آج کی گئی کاروائی کے دوران ایس آر نگر ‘ بیگم بازار کے علاوہ دیگر علاقوں پر فٹ پاتھ پر کئے جانے والے کاروبار کو برخواست کیاگیا ۔تلنگانہ ہائی کورٹ کے احکام کے بعد شروع ہونے والی اس کاروائی کے دوران بلدی عہدیدار دونوں شہروں میں کئی مقامات پر فٹ پاتھ یا سڑکوں پر کئے جانے والے قبضہ جات کی نشاندہی کرتے ہوئے ان کے انہدام کی کاروائی انجام دے رہے ہیں اور جاریہ ماہ کے دوران ہر ہفتہ کی صبح کی گئی کاروائیوں کے دوران ہزاروں کی تعداد میں فٹ پاتھ پر کئے گئے قبضہ جات کو برخواست کروایا جاچکا ہے اور کئی مقامات پر بلدی کاروائی کے بعد دوبارہ قبضہ جات کو بحال بھی کردیاگیا لیکن بلدی ریکارڈ کے مطابق ان مقامات پر کاروائی کے عمل کو مکمل کرلیاگیا ہے۔ دونوں شہروں میں کی جانے والی اس کاروائی کی چھوٹے تاجرین بالخصوص فٹ پاتھ پر کاروبار کرنے والوں کی جانب سے سخت مخالفت کی جارہی ہے اور کہا جارہاہے کہ ان کے لئے متبادل انتظامات کئے بغیرکی جانے والی ان کاروائیوں کے نتیجہ میں انہیں معاشی مسائل کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اور وہ روزگار سے محروم ہونے لگے ہیں۔بیگم بازار کے علاقہ میں کی جانے والی کاروائی کے دوران مقامی بی جے وائی ایم قائدین و کارکنوں نے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی کاروائی میں رکاوٹ پیدا کرتے ہوئے بلڈوزر ڈرائیور کو زدوکوب کرنے کی کوشش کی ۔ شہر کے مختلف علاقوں میں کی گئی کاروائی کے دوران مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیداروں کے ہمراہ پولیس کی بھاری جمعیت موجود تھی جو کہ عہدیداروں کے تحفظ اور انہدامی کاروائی کے دوران کسی بھی طرح کی نظم و ضبط کی صورتحال پیدا ہونے پر کاروائی کے لئے چوکس رہی۔3/A/b
