بوگوٹا : 26 اپریل ( یو این آئی ) کولمبیا کے مغربی علاقے میں ایک بم دھماکے میں کم از کم 13 افراد ہلاک اور 17 زخمی ہو گئے ہیں۔ایک پولیس ذریعے نے رائٹرز سے گفتگو میں ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے۔حکام نے فارک (FARC) باغی گروہ کے منحرف دھڑوں کو اس حملے کا ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔ حملہ صوبہ کاؤکا کے دارالحکومت پوپایان سے تقریباً 35 کلومیٹر دور، کاحیبیو میونسپلٹی کے علاقے ایل تونیل میں پان۔امریکن شاہراہ پر کیا گیا ہے۔کاؤکا کے گورنر اوکتاوِیو گزمان نے کہا ہے کہ یہ حملہ ہفتے کے روز صوبے سے اطلاع میں آنے والے متعدد جرائم میں سے ایک تھا۔گزمان نے کہا ہے کہ “کاؤکا اس بربریت کا اکیلے سامنا نہیں کر سکتا۔ ہم دہشت گردی میں اضافے کا سامنا کر رہے ہیں جس کے لیے فوری اقدامات ضروری ہیں۔”گورنر نے شدید امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر قومی حکومت سے فیصلہ کن، مسلسل اور مؤثر اقدامات کا مطالبہ بھی کیا ہے۔اپوزیشن کی دائیں بازو کی ڈیموکریٹک سینٹر پارٹی سے صدارتی امیدوار پالوما والینسیا نے اس حملے کو ‘دہشت گردی’ قرار دیا ہے۔والینسیا نے کہا ہے کہ “صدر گستاوو پیٹرو کی حکومت تشدد کو غیر اہم کر کے دکھانے یا ریاست کو کمزور کرنے کا سلسلہ جاری نہیں رکھ سکتی۔”انہوں نے مزید کہا ہے کہ “ہم اپنی مسلح افواج اور پولیس کے لیے مکمل حمایت، فوری کارروائی اور ٹھوس نتائج کا مطالبہ کرتے ہیں۔(S/W)
