
(ویب ڈیسک) وائٹ ہاؤس کی پریس سیکرٹری کیرولین لیویٹ نے اپنی بیٹی کی پیدائش کا اعلان کرتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ان کی نومولود بیٹی کا نام ویویانا (Viviana) رکھا گیا ہے جسے گھر میں پیار سے ’ویوی‘ کہا جائے گا۔
سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں کیرولین لیویٹ نے کہا کہ یکم مئی کو ان کی بیٹی نے خاندان میں خوشیوں کا اضافہ کیا۔ ان کے مطابق بچی مکمل طور پر صحت مند اور تندرست ہے۔
انہوں نے لکھا کہ ہم اس خوشی کے نئے مرحلے کو بھرپور انداز میں انجوائے کر رہے ہیں اور ہمارا بیٹا اپنی نئی بہن کے ساتھ خوشی سے ایڈجسٹ ہو رہا ہے۔
ہمارا گھر اس وقت محبت اور خوشیوں سے بھرپور ہے۔
یہ کیرولین لیویٹ اور ان کے شوہر نکولس ریکیو کے ہاں دوسری اولاد ہے۔ ان کا پہلا بیٹا نکولس (عرف نکو) جولائی 2024 میں پیدا ہوا تھا۔
رپورٹس کے مطابق 28 سالہ کیرولین لیویٹ پہلی وائٹ ہاؤس پریس سیکریٹری ہیں جنہوں نے دوران عہدہ حمل اور زچگی کا تجربہ کیا۔ وہ اس وقت زچگی کی چھٹی پر ہیں اور توقع ہے کہ رواں سال کے آخر میں دوبارہ صحافتی بریفنگز شروع کریں گی۔
یاد رہے کہ ان کی آخری پریس بریفنگ 27 اپریل کو ہوئی تھی جس کے بعد وہ عارضی طور پر ذمہ داریوں سے الگ ہو گئی تھیں۔
اس دوران وائٹ ہاؤس کی جانب سے مختلف حکومتی عہدیدار باری باری میڈیا کو بریفنگ دے رہے ہیں۔
